• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہداء قوم کے ہیرو ہیں‘ فراموش نہیں کیا جائیگا‘ معظم جاہ انصاری

پشاور (کرائم رپورٹر) فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) خیبرپختونخوا کے کمانڈنٹ معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ فرنٹیر کانسٹیبلری پاکستان کی وہ منفرد سول آرمڈ فورس ہے جس نے پاک سرزمین کی سلامتی اور تحفظ کی خاطر سپاہی سے لے کر کمانڈنٹ تک ہر سطح پر جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں۔ یہ شہداء قوم کے ہیرو اور محسن ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈیرہ اسماعیل خان کی لونی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملہ میں جام شہادت نوش کرنے والے ایف سی شہید نائیک سید امجد حسین اور شہید لانس نائیک صغیرخان کے اہل خانہ سے بات چیت کے دوران کیا۔ کمانڈنٹ ایف سی چارسدہ کے دیہات مٹہ مغل خیل اور بکھیانہ میں ان شہداء کے گھروں پر گئے جہاں انہوں نے شہید امجد حسین کے والد سید کمال شاہ اور شہید صغیر احمد کے والد روح اللہ خان اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر پرنسپل سٹاف افسر کاشف عباسی اور ڈسٹرکٹ آفیسر مرتضیٰ بھٹو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری نے شہداء کے خاندانوں کو ہرقسم کے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ فرض کی راہ میں جانوں کی قربانی دینے والے قوم کے یہ بہادر سپوت ہمارا سرمایہ افتخار ہیں اور انہی بے مثال قربانیوں کے نتیجہ میں وطن عزیز میں امن و سکون لوٹ آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹیر کانسٹیبلری خیبرپختونخوا کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ واحد سول آرمڈ فورس ہے جس کے بہادر افسر اور جوان گلگت بلتستان سے لے کر کراچی تک پاکستان کی سلامتی اور حفاظت کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کررہے ہیں اور وہ وفاقی حکومت سے سفارش کریں گے کہ دوران ڈیوٹی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے شہداء کو بھی پولیس کے برابر شہداء پیکیج دیا جائے۔ معظم جاہ انصاری نے ڈی او مرتضیٰ بھٹو کو ان شہداء کے اہل خانہ کا ہرممکن خیال رکھنے کی ہدایات کیں۔
تازہ ترین