• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی وطن واپسی کی مکمل ضمانت لی جائے، وزیراعظم

نواز شریف کی وطن واپسی کی مکمل ضمانت لی جائے، وزیراعظم


سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) سے نکالنے سے متعلق وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں ذیلی کمیٹی کے سربراہ فروغ نسیم کی بریفنگ پر کہا کہ شہباز شریف سے نواز شریف کی واپسی سے متعلق مکمل ضمانت لی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نوازشریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت سے متعلق فیصلہ صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا ہے۔

عمران خان نےمزید کہا کہ نواز شریف واقعی بیمار ہیں، سابق وزیراعظم کو ان کی مرضی کا علاج کرانے کی اجازت دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی ای سی ایل سے نواز شریف کا نام نکالنے سے متعلق اپنا کردار ادا کرے۔

وزیراعظم نے ذیلی کمیٹی کے سربراہ کو واضح طور پر کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے علاج کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق مکمل ضمانت لی جائے۔

بعد ازاں پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد نواز شریف کی بیرون ملک روانگی پر حکومتی بیانیے پر مشاورت کرنا ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے قانونی پہلو وفاقی وزیر فروغ نسیم دیکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نواز شریف کے بیرون ملک علاج پر واضح موقف دے چکی ہے، ڈیل کا تاثر درست نہیں، احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف قانونی تقاضے پورے کرکے باہر جائیں تو حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔

تازہ ترین