نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے معاملے پر ہونے والے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کےاجلاس سے متعلق وزارت قانون کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
وزارت قانون کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی جانب سے فیصلہ سنانے کا کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق ذیلی کمیٹی کے آج صبح 10 بجے تک فیصلہ سنانے سے متعلق خبریں درست نہیں۔ اس سے قبل میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے جو آج صبح 10 بجے سنایا جائے گا۔
وزارت قانون کی جانب سےجاری اعلامیے میں اجلاس کی کارروائی کا ذکر بھی شامل ہے جس کے مطابق ذیلی کمیٹی کی پہلی کارروائی صبح 10 سے شام ساڑھے 4 بجے تک جاری رہی جبکہ کمیٹی کا دوسرا سیشن رات ساڑھے 9 بجے سے11 بجے تک ہوا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے ہٹانے سے متعلق شہباز شریف کی درخواست کی سماعت کی۔