• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سیوریج نظام، واٹربورڈ کو 20 گاڑیاں دیدی گئیں

کراچی میں سیوریج نظام کی بہتری کے لیے 900 ملین کی لاگت سے 20 گاڑیاں واٹربورڈ کے حوالے کردی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بارہ دری کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں کراچی کے سیوریج نظام کی مشکلات اور نکاسی کی بہتری کے لیے جدید ترین یورپین ٹیکنالوجی کی حامل مشینوں کی چابیاں ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسداللّٰہ خان کے حوالے کیں، نکاسی آب کے بیڑے میں 20 جدید سَکشن اور ہائی پریشر جیٹنگ مشینوں کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے 900 ملین روپے کی لاگت سے نئی گاڑیاں خریدی ہیں اور پرانی سَکشن اور جیٹنگ میشن گاڑیاں مرمت کروا رہے ہیں، پرانی گاڑیاں اور مشینز مرمت ہوکر واٹر بورڈ کو اگلے سال مل جائیں گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت واٹر بورڈ کی 100 ایم جی ڈی کی پمپنگ اسٹیشن 1.63 بلین روپے کی لاگت سے مکمل کی جا رہی ہے جس کا افتتاح دسمبر 2019 ء میں کریں گے اور 50 سال پرانی دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کو 1.23 بلین روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کر رہے ہیں، جس سے شہر کو اضافی پانی مل سکے گا۔

بلدیہ کے لیے حبیب بینک چورنگی سے 24 انچ ڈائی کی پائپ لائن کا کام 400 ملین کی لاگت سے مکمل ہوچکا ہے، اس اسکیم سے بلدیہ کے عوام کا پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی کے نظام کو ٹھیک کرنے کے لیے 200 ملین روپے کی اسکیم شروع کی گئی ہے، لیاری کے لیےسندھی ہوٹل سے بکرا پڑی تک پانی کی فراہمی کی اسکیم 717 ملین روپے کی لاگت سے جاری ہے، اس اسکیم کی تکمیل سے لیاری میں پانی کا مسئلہ قدرے بہتر ہوجائے گا۔

ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللّٰہ خان کے مطابق یورپی ٹیکنالوجی کی حامل 20 جدید سَکشن اور ہائی پریشر جیٹنگ مشینیں ملنے سے واٹر بورڈ کے بیڑے میں ایسی مشینوں کی تعداد 56 ہوجائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ واٹر بورڈ نے سال 2007ء میں 36 سَکشن اور جیٹنگ مشینیں حاصل کی تھیں جو 12 سال سے زائد عرصہ استعمال کے بعد میں کراچی کی بڑھتی آبادی کے لیے ناکافی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی کی طرح یہ مشینری بھی کراچی میں مقامی سطح پر بین الاقوامی میعار کا کام کرنے والی کمپنی معراج لمیٹڈ سے تیار کرائی گئی ہے۔

کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر افتخار قریشی نے ’جنگ‘ سے بات کرتے ہوئے کہ بینک نئی سَکشن وہائی پریشر جیٹنگ مشینیں دور جدید کے تقاضوں کے پیش نظر خودکار ہائیڈرولک نظام سمیت یورپی انسٹرومنٹ سے لیس ہیں ان 20 مشینوں میں سے 10سکشن اور 20 جیٹنگ مشینیں جوڑے کی صورت میں کام کرتی ہیں۔

معراج لمیٹڈ کے سربراہ افتخار قریشی نے بتایا کہ سکشن مشینوں کا ٹینک پہلے سے زائد 7 ہزار لیٹر اور جیٹنگ مشینوں 8 ہزار لیٹر گنجائش کا تیار کیا گیا ہے، افتخار قریشی کے مطابق ان گاڑیوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لیے ان میں ٹریکرز بھی لگائے گئے ہیں۔

سرکاری ہیوی گاڑیوں کو حادثات سے بچانے کے لیے بیک کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

افتخار قریشی کے مطابق پرانی جیٹنگ مشینوں میں ڈیڑھ سو فٹ راڈ پائپ نصب کیے گئے تھے جبکہ نئی مشینوں میں اضافہ کے ساتھ 330 فٹ پائپ نصب کیا گیا ہے اور نئی جیٹنگ مشینوں میں پانی کا پریشر 300 بار رکھا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں افتخار قریشی نے بتایا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے واٹر بورڈ کی پرانی سَکشن و جیٹنگ مشینوں کو بھی اپ گریڈ کر کے ان کے استعداد کار میں اضافہ کرنے کی منصوبہ بندی ہے جبکہ سپرد کی گئی نئی مشینری وارنٹی کی حامل ہے۔

اس موقع پر وزیر بلدیا ت و چیئرمین واٹربورڈ سید ناصر حسین شاہ و دیگر وزراء اور اہم شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔

تازہ ترین