• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن آج آزادی مارچ کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت جے یو آئی (ف) کا مشاورتی اجلاس ختم ہوچکا ہے، شرکاء دھرنا نے سامان سمیٹنا شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں پشاور موڑ پر گزشتہ 2 ہفتے سے جاری احتجاج دھرنا آج ختم ہونے کا اعلان ہوسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کسی بھی وقت پلان ’بی‘ کے تحت اسلام آباد سے دھرنا ختم کرکے ملک بھر میں پھیلانے کا اعلان کرسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جے یوآئی کی قیادت آج آزادی مارچ دھرنا ختم کرنے اعلان کرے گی، جس کے بعد پلان بی کے تحت دھرنے کے شرکاء ملک بھر میں پھیل جائیں گے اورحکومت مخالف دھرنے دیں گے۔

جے یو آئی ف کے سینئر رہنما مولانا عطا ء الرحمٰن نےدھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ہمارے پلان بی پر عمل شروع ہوچکا ہے، بلوچستان میں چمن، کوئٹہ شاہراہ بند کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل سے ملک کی اہم شاہراہیں بند کی جائیں گی، روالپنڈی میں جی ٹی روڈ، خیبرپختونخوا میں لوئر دیر کے چکدرہ چوک اور جیکب آباد شاہراہ کو بھی بند کیا جائے گا۔

مولانا راشد سومرو نے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ہماری تحریک کا اگلا پڑاؤ پلان بی کی شکل میں شروع ہورہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی یہ نہ سمجھے کہ ہم ناکام ہورہے ہیں بلکہ ہم آج کامیابی کے زینے پر چڑھتے جارہے ہیں۔

جے یو آئی رہنما نےکارکنوں کو ہدایات دیں اور کہاکہ کراچی میں کارکن کل دوپہر دو بجے سے پہلے حب ریورروڈ پر پہنچیں ،کارکن ملک بھر کے دھرنوں میں ہرگزڈنڈے نہ اٹھائیں اور ایمبولینس کوراستہ دیں۔

اس سے قبل مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی اور جے یو آئی ف کے مرکزی رہنما مولانا عطاء الرحمٰن نے اسلام آباد میں موجود تمام کارکنوں کو فوری طور پر پنڈال میں جمع ہونے کی تاکید کردی ہے۔

مولانا عطا الرحمٰن کا کہنا ہے کہ کے یو آئی ف کے سربراہ اور آزادی مارچ کے روحِ رواں مولانا فضل الرحمٰن جلد اہم اعلان کرنے آ رہے ہیں، اس لیے کارکنان تمام کام چھوڑ کر پنڈال میں آ جائیں۔

اسٹیج سے اعلان کیے جا رہے ہیں کہ خیموں میں موجود کارکنان اسٹیج کے قریب تشریف لے آئیں، باہر نکلے ہوئے کارکنوں کو فون کر کے پنڈال میں بلایا جائے، تمام رضاکار جلد سے جلد اپنی اپنی پوزیشنیں سنھبال لیں۔

جمعیت علماء اسلام ف کا آزادی مارچ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں اسلام آباد میں موجود ہے تاہم قائدِ جے یو آئی ف کے حکم کے مطابق اب آزادی مارچ احتجاج کے پلان بی پر بلوچستان میں عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین