• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی اکرم ﷺ کی محبت ایمان کی تکمیل کی علامت ہے، عبدالمجید ندیم

بر منگھم (پ ر) نبی اکرم ﷺ کی محبت ایمان کی تکمیل کی سب سے بڑی علامت ہے۔ حضور ﷺ ہر مسلمان کے دل میں بستے ہیں۔ نبی اکرمﷺسے سچی محبت کا سب سے بڑا عملی ثبوت آپ کے لائے ہوئے دین اور آپ ؐ کی عطا کردہ شریعت کی پیروی کرنا ہے۔ مسلمان اگر دنیا اور آخرت میں اپنا کھویا ہوا وقار دوبارہ بحال کرنا چاہتے ہیں تو انہیں نبی اکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنی زندگی میں اختیار کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر برطانیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلامک سنٹر برمنگھم میں سیرت کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ’’نبی اکرم ﷺ سے ہمارے گہرے تعلق کی بنیادیں ایمان، تعظیم، محبت، اطاعت اور اتباع ہیں۔ صحابہ کرام ؓ کا اعزاز یہ تھا کہ انہوں نے نبی اکرم ﷺ پر ایمان لا کر اپنے آپ کو حضور ؐ کے کُلی سپرد کر دیا تھا۔ انہوں نے اپنی جان، مال اور اولاد حضور ﷺ پر قربان کر دی تھی۔ وہ حضور ؐ کے ہر حکم کے سامنے جھک جاتے تھے یہی وجہ تھی کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں دنیا اور آخرت کی کامیابیوں سے مالا مال فرمایا لہٰذا اگر ہم بھی کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو ہمیں بھی حضور کی سنت کی پیروی کرنا ہوگی۔ یوکے اسلامک مشن ہینڈز ورتھ برانچ کے نائب ناظم حاجی منیر رضا نے کہا ’’آج کا انسان ایک دفعہ پھر ان تمام مسائل میں گھرا ہوا ہے جو نبی اکرم ﷺ کی آمد سے پہلے انسان کی تذلیل کر رہے تھے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے باوجود آئے روز انسان کی ہوس اور درندگی بڑھتی ہی چلی جا رہی ہے۔ جنگِ عظیم اول اور دوم میں کروڑوں انسانوں کا قتلِ عام انسان کی درندگی کی واضح مثال ہے۔ لہذا وقت آگیا ہے کہ دنیا نبی اکرم ﷺ کے لائے ہوئے نظام کو سمجھے جس کی بنیاد ہی عدل و انصاف، حقوق و فرائض کی ادائیگی اور دوسروں کی خدمت پر قائم کی گئی ہے۔ نبی اکرم ﷺ کا کمال یہ ہے کہ آپ نے اپنے اسوہ سے دنیا کو بتا دیا کہ وہ کائنات کے سب سے کامیاب انسان ہیں اس لیے کہ انہوں نے سسکتی ہوئی انسانیت کو امن سے ہمکنار فرمایا۔ مولانا محمد عثمان نے کہا ’’ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو نبی اکرم ﷺ کی سیرت سے آگاہ کیا جائے۔ اس لیے کہ مغربی تہذیب کی یلغار کا مقابلہ کرنے کے لیے جس روشنی کی ضرورت ہے وہ حضور ؐ کی پاکیزہ زندگی سے ہی حاصل ہوسکتی ہے۔ کانفرنس کی صدارت یوکے اسلامک مشن ہینڈز ورتھ برانچ کے نائب ناظم حاجی منیر رضا نے کی۔ انہوں نے کہا ’’اس کانفرنس کا بنیادی مقصد سیرت کے پیغام کو عام کرنا اور نئی نسل کے سینوں میں محبتِ رسول کی شمع روشن کرنا ہے۔ ضیاء الاسلام اور خواجہ مطلوب حسین نے ہدیہ نعت پیش کیا اور مولانا فخر الدین نے امتِ مسلمہ کے لیے دعا کروائی۔ کا نفرنس میں برادر شبیر احمد، انجم ممتاز کے علا وہ مقامی افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تازہ ترین