• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اسلام آباد دھرنا ختم، پلان بی شروع، آج سے ملک بھر میں مرکزی شاہراہیں بند کریں گے، فضل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا


اسلام آباد، کراچی، جیکب آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹر نگ سیل، اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اسلام آباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 

دھرنے کے شرکاء سے اپنے اختتامی خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج وہ آزادی مارچ کے پلان بی کے لیے روانہ ہورہے ہیں، صوبوں اور اضلاع کو ملانے والی شاہراہیں بند کی جائیں گی، حکومت کی بنیادیں ہل چکیں، اگلے مرحلے میں حکومت گرا دیں گے، کارکن ملک کے چپے چپے میں پھیل جائیں، اب گلی گلی احتجاج ہوگا، ناجائز حکومت کو نہیں چلنے دیں گے۔ 

مولانا فضل الرحمٰن کے اعلان کے بعد جے یو آئی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکنوں نے کوئٹہ چمن شاہراہ بند کر دی جس سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، جے یو آئی (ف) کے کارکنوں نے سندھ میں جیکب آباد بائی پاس پر دھرنا دے کر بند کردیا، جبکہ لوئردیر میں چدرہ چوک، انڈس ہائی وے، شاہراہ ریشم، سکھر موٹر وے، گھوٹکی اور کندھ کوٹ سے پنجاب میں داخل ہونے راستے، پنجاب میں بزدار کے مقام پر جی ٹی روڈ اور کراچی حب ریوور روڈبندکرنے کا اعلان کیا گیاہے۔ 

دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں فضل الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ آزادی مارچ کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے جاری رہے گا۔ ہم آج ہی یہاں سے روانہ ہونگے، دنیا نے تسلیم کیا کہ آپ کتنے منظم ہیں، دوسرے محاذ پر بھی ہمیں پرامن رہنا ہے، جس طرح مجھے اپنے کارکن کی زندگی عزیز ہے، اسی طرح مجھے پاکستان کی سیکورٹی فورسز کا خون بھی عزیز ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ یہ حقیقت ہے کہ ہم دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں لیکن عام شہری کی زندگی متاثر نہیں کریں گے بلکہ شاہراہوں پر بیٹھیں گے۔ کسی ایمبیولینس کا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ادارے اس فیصلے کی تائید اور حمایت کریں۔ ہم کسی ذات کی نہیں، سب کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہم نے ملک کا نقصان نہیں کرنا۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ یہ تحریک چلے گی، حکومت استعفیٰ دیکر نئے انتخابات کرائے۔ ہم اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ کوئی سرمایہ کاری اور امداد نہیں دے رہا۔ 

سارے ماحول میں پاکستان کی معیشت تنہا ہے۔ بھارت، بنگلا دیش، ایران، چین اور سری لنکا کی معیشت اوپر جا رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ یہ عوام کے حقوق کی جنگ ہے۔ تمام پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ سب سڑکوں پر آ جائیں اور احتجاج کریں۔ ہم قوم سے قربانی چاہتے ہیں۔ جب تک حکومت ہے، ایک ایک دن ہمیں تنزلی کی طرف لے کر جا رہا ہے۔

تازہ ترین