• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت زائرین کے معاملے پر ہماری تجاویز پر عمل کرے، ٹی این ایف جے

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے رہنماوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی اور نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے ۔یہ بات تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر انجینئر ہادی عسکری، سیکرٹری اطلاعات طارق احمد جعفری ،مصطفیٰ کمال اوردیگر نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہاکہ ربیع الاول کے مقدس ، بابرکت مہینہ کے آغاز کے ساتھ ہی پورا عالم اسلام میلاد مصطفیٰﷺ کی خوشیاں منا رہا ہے قائد تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی ہدایت پر ہفتہ وحدت و اخوت منایا گیا ، یکم محرم سے آٹھ ربیع الاول تک ایام عزائے حسینی کے دوران جس یگانگت کا مظاہرہ کیا گیا وہ لائق تحسین ہے ۔ 12 ربیع الاول کو عید میلادالنبیﷺ کے جلوس میں شیعہ سنی نے ہاتھو ں میں ہاتھ ڈال کر دنیا کو پیغام دیا کہ پرچم مصطفیٰ ﷺاورحسینیت کے تلے ہم سب ایک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ایام عزا کے دوران اور میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سیکورٹی فورسز ، پاک فوج ، ایف سی ، پولیس کی جانب سے کئے گئے بہترین انتظامات پر بھی اظہار تشکر کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ اور وزارت داخلہ کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سے مربوط رہنے کی ہدایت کی جائے کیونکہ عزاداری اور محافل کا سلسلہ پورا سال جاری رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دادو میں ایک شخص نےگستاخی کا ارتکاب کیا ہے،حکومت مذکورہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کرے اورملک میں کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی اور نیشنل ایکشن پلان پر اسکی اصل روح کے مطابق عملدرآمدکیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کے مسئلے میں حکومت کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے ایک مربوط پلان دیا جاچکا ہے جس میں کوئٹہ زاہدان ریل سروس ، فیری سروس زائرین کوآرڈینیشن کمیٹی کا قیام جیسے اقدامات شامل ہیں لیکن یہ امر افسوسناک ہے کہ زائرین کے تمام امور مبینہ طور پر کالعدم تنظیم کے رہنمائوں کے سپرد کردیئے گئے ہیں اور ملک بھر کے زائرین آمدورفت کیلئے ان سے رابطے میں رہنے پر مجبور ہیں لہذا فوری طور پر حکومت زائرین کی سہولت کیلئے ٹی این ایف جے کی تجاویز پر عملدرآمد کرے ۔
تازہ ترین