• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی محور مسئلہ کشمیر ہے ،یہ بات جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے جموں وکشمیر کمیونٹی اوورسیز کی جانب سے شہداء کشمیر کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے حکومت پاکستان اور ریاست پاکستان بھر پور انداز میں اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔ 

مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی اور بھارت کے مظالم مسئلہ کشمیر کو فوری حل کی طرف لے جارہے ہیں،قونصل جنرل نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو ہر بین الاقوامی فورم پر بھر پور انداز میں اٹھایا گیا ہے اور یہ سلسلہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گا ۔جب بھارتی ظلم و ستم اور دہشت گردی سے کوئی کشمیری شہید ہوتا ہے تو اس کے جنازے پر پاکستانی پرچم ہوتا ہے، ان کےجلوسوں میں پاکستانی جھنڈوں کی بڑی تعداد لہرا رہی ہوتی ہے۔ 

یہ اشارہ ہے کہ وہ پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی بھارت کے ظلم و ستم سے آگاہ ہے اور ہمارے ساتھ ہے۔ خالد مجید نے کہا کہ پاکستان قونصلیٹ پاکستان کی کشمیر پالیسی کی کامیابی کے لیے بھر پور کام کررہا ہے۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکریٹری جنرل سردار وقاص عنایت، راجہ شمروز نے بھارت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس نے عالمی نقشہ میں آزاد کشمیر کو بھی بھارت کا علاقہ بتایا ہے جو سفید جھوٹ ہے۔یہ اس کی احمقانہ سوچ اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔ آزاد کشمیر کی اپنی اسمبلی، وزیر اعظم اور صدر ہے ۔بھارت کی سوچ توسیع پسندانہ پالیسی کا حصہ ہے۔ 

تقریب سے جموں وکشمیر کمیونٹی اوورسیز کے چیئرمین سردار اشفاق، خورشید متیال اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں نائب قونصل جنرل محمد شائق بھٹو، قونصل پاسپورٹ حسن قونصل پریس ارشد منیر، کمیٹی کے راجہ پرویز اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔

تازہ ترین