اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے حکومت سے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کیلئے فی الفور بیرون ملک بھجوایا جائے‘ سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو صحت کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں‘علاج کے معاملے پر سیاست نہ کی جائے۔
جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے یہ رولنگ سنیٹرز جاوید عباسی اور شیری رحمٰن کی طرف سے سابق صدر اور سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق توجہ دلانے کے بعد دی۔
قبل ازیں نکتہ اعتراض پر سنیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ سیاست کو دشمنی میں کبھی نہیں بدلتے خصوصاً جب کوئی بیمار ہو، نواز شریف کی زندگی کو شدید خطرہ ہے‘ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا کہ کسی شخص کو کہا جائے کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے بانڈ جمع کرائیں، آج سیاست پر دشمنی کی جا رہی ہے، وقت گزر جائے گا ، نئی روایات ڈالی جا رہی ہیں‘حکومت طاقت کا غلط استعمال نہ کرے۔
سنیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ آصف علی زرداری کو سیاسی مخالفت پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سابق وزیراعظم سے بانڈ لئے جا رہے ہیں یہ غیرقانونی اقدام ہے، یہ شرمناک صورتحال ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں‘ زرداری کی صحت بہت خراب ہے‘ آصف زراری کے علاج کے لیے ذاتی معالج کو رسائی نہیں دی جا رہی۔
ہم ان سے این آر او نہیں مانگ رہے، نیب کو اس طرح سیاسی مخالفین کے خلاف تو استعمال مت کریں‘ سابق صدر اور وزیراعظم ان کے جابرانہ یزیدی دور میں بند ہیں ، انھیں علاج کی سہولیات نہیں دی جا رہی ہیں۔