• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنخواہ دار طبقہ مر رہا ہے، 3 ماہ بعد کوئی بھی وزیراعظم بننے کیلئے تیار نہ ہوگا، شجاعت

اسلام آباد (صالح ظافر) مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملک میں زبردست مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے کوئی بھی شخص تین ماہ بعد وزیراعظم بننے کیلئے تیار نہ ہوگا کیونکہ تنخواہ دار طبقہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے مر رہا ہے۔

نجی ٹی وی چینل پر بات چیت کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ تین ماہ کی ڈیڈلائن کو آپ بڑھا کر 6؍ ماہ کر سکتے ہیں اور اس کے بعد موجودہ صورتحال کی وجہ سے کوئی بھی وزیراعظم بننے کیلئے آمادہ نہ ہوگا۔

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں چوہدری شجاعت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو غیر مشروط طور پر باہر جانے کیلئے اجازت دینے کی حمایت کی۔

ق لیگ پنجاب اور وفاق میں پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت میں اتحادی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ (نواز شریف کی علاج کیلئے بیرون ملک روانگی میں رکاوٹ ڈالنے کے حوالے سے) خود پر کلنک کا ایسا ٹیکا لگنے نہ دیں جسے بعد میں دھونا مشکل ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بگڑتی صحت کی وجہ سے عمران خان کو اکیلے طوفان کا سامنا کرنا پڑ جائے گا، عمران خان ایسے لوگوں کی باتیں نہ سنیں جو نواز شریف کو علاج کیلئے باہر بھیجنے کے اچھے فیصلے کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے اپنی توانائیاں خرچ کریں۔

تازہ ترین