• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیماریوں کی نگرانی کا سیل نہیں، مشکلات درپیش ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نےکہا ہے کہ ہمارے پاس بیماریوں کی نگرانی کا سیل موجود نہیں جس کے باعث مشکلات پیش آتی ہیں ، ٹائیفائیڈ کو کنٹرول کرنے کے لئے مذید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ، گزشتہ دوسالوں سے پولیو کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں رہی ، پہلی بار ملک میں ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی مہم سندھ میں چلائی جائے گی جو وفاق اور صوبے کی مشترکہ اور اچھی کاوش ہے ۔ والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کو ویکسین لگوائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی کے نجی ہوٹل میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام سندھ کےتحت ٹائیفائیڈ کونجیگیٹ ویکسین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرافضل پیچوہو ، پروجیکٹ ڈائریکٹر آئی پی آئی سندھ ڈاکٹر اکرم سلطان ، ڈی جی صحت ڈاکٹر مسعود سولنگی ودیگر بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ یہ ویکسین ہمیں گاوی کی جانب سے مل رہی ہے ابھی تک تو ان کی کوئی قیمت نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ایڈز ہونے کا سب سے بڑا ذریعہ استعمال شدہ سرنجز کا استعمال ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن بنانا وقت کی ضرورت تھاگزشتہ 56 سالوں سے پی ایم ڈی سی کام کررہا تھا۔ادارے میں بڑی کرپشن کا سامنا تھا۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی رجسٹریشن ،لائسنز کی تجدید کے لئے کام چل رہا ہے ہمیں اداروں میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے ۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ ہم نےاسکول اور مدرسوں کے بچوں کے لیے ویکسینیشن کا بندوبست بھی کیا ہے ۔ ہم نے بچوں کو ویکسین کروانے کے لیے بہت کوششیں کی ہیں اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈاکٹروں کو بھی تربیت دی ہے کہ وہ بچوں کو اچھے سے ویکسین کراسکیں۔

تازہ ترین