• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور(صابرشاہ) پاکستان کی تاریخ میں منگل کا روز خاصی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ نوازشریف نے پہلی بار وزارت عظمیٰ کا حلف اور وزیر اعلیٰ کا عہدہ منگل کے روز سنبھالا تھا۔نوازشریف منگل کے روز بیرون ملک روانہ ہوں گے۔ یہ دن ناصرف پاکستان کی 72سالہ تاریخ میں اہمیت کا حامل ہے بلکہ نوازشریف کی بھی اس دن سے کچھ تلخ وشیریں یادیں وابستہ ہیں۔جنگ گروپ اور جیو ٹیلی وژن نیٹ ورک کی جانب سے کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نوازشریف نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کا عہدہ منگل کے دن 9اپریل،1985کو سنبھالا۔وہ پہلی مرتبہ5نومبر،1990کو جب ملک کے وزیراعظم بنے تو وہ بھی منگل کا ہی دن تھا۔اسی طرح 12اکتوبر،1999کو جب انہیں وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹایا گیا تو وہ بھی منگل کا ہی دن تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ پرویزمشرف کی آرمی چیف کی حیثیت سے تقرری بھی نوازشریف نے 6اکتوبر،1998کو کی تھی اور یہ بھی منگل کا روز تھا۔اسی طرح پاکستان کی تاریخ میں بھی منگل کے روز بہت سے اہم واقعات رونما ہوئے۔ 7اکتوبر،1958کو اس وقت کے صدر اسکندر مرزا نے پاکستان میں پہلی بار مارشل لاء کا نفاذ کیا، یہ منگل کا ہی دن تھا۔اسی طرح پاکستان میں دوسرا مارشل لاء بھی منگل کے روز ہی 25مارچ 1969 میں لگایا گیا۔اس مرتبہ یہ کام اس وقت کے صدر پاکستان ایوب خان نے کیا تھا۔پاکستان میں تیسرا مارشل لاء جنرل ضیاءالحق نے نافذ کیا، یہ بھی منگل کے روز 5جولائی،1977 کو نافذ کیا گیا تھا۔پارلیمنٹ نے 1973 کے آئین کی منظوری بھی منگل کے روز 10اپریل، 1973 کو دی تھی۔جس کے بعد اس کی تصدیق بھی منگل کے روز 14اگست،1973 کو ہوئی تھی۔5نومبر،1996 کو منگل کے روز ہی اس وقت کی وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی دوسری مرتبہ حکومت کا تختہ ان کے منتخب صدر فاروق لغاری نے الٹا تھا۔اسی طرح سپریم کورٹ آف پاکستان نے منگل کے روز ہی 19جون، 2012 کو سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو عہدے سے ہٹایا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے وزارت عظمیٰ کا حلف بھی منگل کے روز 25مارچ،2008 کو اٹھایا تھا۔وہ منگل کا ہی دن تھا جب 16دسمبر،2014کو تحریک طالبان پاکستان کے چھ مسلح دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملہ کیا جس میں 132 اسکول کے بچوں سمیت 149 افراد نے جام شہادت نوش کیا۔منگل کے روز عالمی سطح پر بھی کچھ اہم واقعات روپذیر ہوئے۔11ستمبر،2011 کو منگل کی صبح ہی امریکا پر تاریخ کا بدترین حملہ ہوا۔جس میں تقریباً2996 افراد ہلاک ہوئے۔جنگ عظیم اول کا آغاز بھی منگل کے روز 29جولائی،1914 کو ہوا تھا۔29اکتوبر،1929کو منگل کے روز ہی عالمی سطح پر معروف اسٹاک مارکیٹ کریش ہوئی تب سے اب تک اسے سیاہ منگل کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔منگل کا روز امریکی انتخابات میں بھی اہمیت کا حامل ہے۔وہاں وفاق کے انتخابات نومبرمیں ہرچارسال بعد پہلے پیر کے بعد آنے والے منگل کے روز ہوتے ہیں۔جب کہ آسٹریلیا میں ملک کے ریزرو بینک کا بورڈ جنوری کے علاوہ ہر ماہ کے پہلے منگل کو اجلاس کرتا ہے۔

تازہ ترین