راولپنڈی( سٹاف رپورٹر ) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ ،آتش بازی اور ساؤنڈسسٹم کے غلط استعمال کا سلسلہ نہ رک سکا۔ باالخصوص شادی ہالوں کے قریب شادی بیاہ کی تقریبات میں کھلم کھلاہوائی فائرنگ اورآتش بازی کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق صرف ہفتہ کی رات ریسکیو 15پر راولپنڈ ی کے مختلف علاقوں سے ہوائی فائرنگ ،آتش بازی اور ساؤنڈ سسٹم کے استعمال کی شکایات پرمبنی 18کالیں موصول ہوئیں۔ اس حوالے سے عوامی حلقوں کاکہناہے کہ راولپنڈی پولیس میں شامل بعض کالی بھیڑوں کی سرپرستی کی وجہ سے ہوائی فائرنگ اورآتش بازی کاسلسلہ جاری ہے جس نے لوگوں کی نیندیں حرام کردی ہیں ۔ایس اوپی کے مطابق دلہااوراس کے والدکے خلاف کارروائی کی بجائے غیرمتعلقہ ملزموں کے خلاف کمزورپرچہ کاٹا جاتا ہے ۔یہاں یہ امرقابل ذکرہے کہ نرنکاری بازار اوردیگربازاروں میں آتش بازی کے سامان کی فروخت جاری ہے جب کہ ناجائزاسلحہ کی برآمدگی کے حوالے سے بھی پولیس کی کارکردگی بہترنہ ہے۔