• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا نام بدستور ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہے، اسے ہٹایا نہیں جائے گا۔

امیگریشن ذرائع کا بتانا ہے کہ قانون کے مطابق نواز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل رہے گا، تاہم وہ عدالتی احکامات دکھا کر باہر جاسکیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتظامیہ کو ابھی تک ایئرایمبولینس کی آمد کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:انڈیمنٹی بانڈ سے زیادہ سخت آرڈر سامنے آگیا ہے

واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آج اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کل قوم کی دعاؤں میں علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہوں گے، ایئر ایمبولنس بھی کل ہی پاکستان پہنچے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر میاں صاحب کے پلیٹ لیٹس محفوظ سطح پر رکھنے کو یقینی بنارہے ہیں تاکہ ہوائی سفر کے دوران کوئی طبی مسئلہ پیدا نہ ہو، جبکہ شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان نواز شریف کے ہمراہ جائیں گے۔

دوسری جانب نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ نوازشریف منگل کی صبح ایئرایمبولینس میں لندن روانہ ہوں گے، ایئر ایمبولینس جدید اور تمام تر طبی سہولتوں سے لیس اور فعال ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ایئرایمبولینس میں آئی سی یو اور اور آپریشن تھیٹرکی سہولت بھی ہے،جبکہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کا عملہ بھی نوازشریف کے ہمراہ سفر کرے گا۔

تازہ ترین