• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد عمر ایک بار پھر وفاقی کابینہ میں شامل

اسد عمر ایک بار پھر وفاقی کابینہ میں شامل


وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اسد عمر کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا، انہیں خسرو بختیار کی جگہ وزیر برائے منصوبہ بندی اور اسپیشل انیشی ایٹو بنایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ میں توسیع اور ردو بدل کے سلسلے میں ہی اسد عمر کو ایک بار پھر وفاقی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم کا قلمدان عمر ایوب سے لے کر خسرو بختیار کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔

گزشتہ دنوں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انہوں نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ میں اس وقت 24 وزراء مختلف قلمدانوں پر ہیں، جن میں سے عمر ایوب خان کے پاس پاور ڈویژن کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم ڈویژن کا اضافی قلمدان ہے، جو اب خسرو بختیار کو دیا جارہا ہے۔

خسرو بختیار کے پاس پلاننگ، ڈویلمپنٹ اور ریفارم کی وزارت تھی تاہم اب یہ وزارت اب اسد عمر کو سونپی جارہی ہے۔

اسد عمر تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد بننے والی پہلی کابینہ میں وزیر خزانہ تھے، تاہم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پیکج کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں ڈیڈلاک کے باعث وزیراعظم کے استعفیٰ طلب کرنے پر انہوں نے وزیر خزانہ کا قلمدان خالی کردیا تھا، اس وقت عبدالحفیظ شیخ وزیر اعظم کے مشیر خزانہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔

تازہ ترین