ارجنٹینا میں فیفا ورلڈ کپ 2026ء سے قبل ایک دلچسپ اور انوکھی صورتِحال سامنے آئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا کی ایک مقامی کمپنی نے فٹبال کے ایسے تمام شائقین کو مفت ٹیلی ویژن دینے کی پیشکش کر دی ہے جو فیفا ورلڈکپ میں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے امریکا جانا چاہتے تھے لیکن امریکی ویزا نہ ملنے کی وجہ سے نہیں جا سکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا نے ارجنٹینا کے بہت سے شائقین کو ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کے لیے ویزے دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد ملک کی ایک بڑی مقامی کمپنی’نیوزین‘ نے ایسے شائقین کو مفت ٹی وی دینے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی اپنے نوبلیکس برانڈ کے تحت 100 ٹیلی ویژن سیٹ فٹبال شائقین میں تقسیم کرے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شائقین کو مفت ٹی وی کے حصول کے لیے بیونس آئرس میں کمپنی کے دفتر جا کر پہلے اس بات کا ثبوت فراہم کرنا پڑے گا کہ اس سال جنوری اور جون کے درمیان امریکی ویزا حاصل کرنے کے لیے دی گئی ان کی درخواستیں مسترد ہوئیں۔
کمپنی نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی اس پیشکش کا اعلان اس انداز میں کیا ہے کہ ’ہمیں اپنا مسترد شدہ ویزا دکھائیں اور مفت ٹی وی حاصل کریں‘۔
امریکی ویزا حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنے والوں میں ایک 24 سالہ پروفیشنل اسپورٹس پلیئر ٹامس واگلر بھی شامل ہیں۔
اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بہت مایوس ہوں کہ میں ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکوں گا لیکن کم از کم مجھے یہ تحفہ ہی مل گیا۔