معروف بھارتی اداکار کارتیک آریان نے فلم ’چندو چیمپیئن‘ کے کردار کے لیے اپنی جسمانی تبدیلی اور جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کردار نے مجھے ذاتی اور پیشہ ورانہ طور پر بہت کچھ سکھایا۔
کارتیک آریان نے اپنی ایک حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا ہے کہ میں ایک ایسے شخص کے کردار میں داخل ہوا جسے دنیا نے بھلا دیا تھا لیکن اس کہانی نے مجھے زندگی کی اصل قدر یاد دلائی۔
ان کے مطابق یہ فلم صرف ہار نہ ماننے والے انسان کی کہانی نہیں بلکہ ناکامیوں کو کامیابی میں بدلنے کا سفر بھی ہے۔
اداکار نے بتایا کہ میں نے اس کردار کے لیے 14 ماہ تک باکسنگ کی سخت تربیت حاصل کی اور اپنی غذا سے مکمل طور پر چینی ختم کر دی تھی، میں نے یہ وزن کم کرنے کا عمل بغیر کسی ممنوعہ ادویات کے مکمل کیا۔
کارتیک آریان نے بتایا کہ میں نے اپنا وزن 90 کلو گرام سے کم کر کے 72 کلو گرام کیا تھا، تربیت کے آغاز میں، میں ایک بھی پُش اَپ نہیں کر سکتا تھا تاہم بعد میں، میں نے 50 سے 60 کلو اضافی وزن کے ساتھ پش اپس کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی۔
اداکار نے بتایا کہ اسی طرح ٹریننگ کے دوران چھلانگ لگانے اور فُٹ ورک میں بھی نمایاں بہتری آئی جہاں میں ابتدائی مشکلات سے نکل کر 14 سے 15 جدید تکنیکیں انجام دینے لگا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی صرف جسمانی نہیں تھی بلکہ اس کردار اور اس کے لیے کی گئی ٹریننگ کے ذریعے مجھے خود پر اعتماد اور حوصلے کی نئی طاقت ملی۔
واضح رہے کہ کارتیک آریان کی فلم ’چندو چیمپیئن‘ 2024ء میں سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔