• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق وزیر اعظم نواز شریف آج صبح 9 بجے علاج کی غرض سے لندن روانہ ہوں گے۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور بھائی شہباز شریف بھی ان کے ہمراہ لندن جائیں گے۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر سے ایئر ایمبولینس صبح 3 بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی، جو نواز شریف کو لے کر حج ٹرمینل سے روانہ ہو گی، اس حوالے سے لاہور ایئرپورٹ انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

لاہور ایئرپورٹ انتظامیہ نے اس حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ نواز شریف جاتی امرہ سے صبح سات بجے کے بعد ایئرپورٹ روانہ ہوں گے، ان کی امیگریشن سمیت دیگر انتظامات حج ٹرمینل پر کیے جائیں گے۔

امیگریشن ذرائع کا بتانا ہے کہ قانون کے مطابق نواز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل رہے گا، تاہم وہ عدالتی احکامات دکھا کر باہر جاسکیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست پر دورانِ سماعت وفاقی حکومت کا مؤقف مسترد کردیا اور نواز شریف کو 4 ہفتوں کے لیے علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی غیر مشروط اجازت دی تھی۔

عدالت کے تجویز کردہ ڈرافٹ کے متن کے مطابق عدالت نے نئے بیان حلفی میں نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے 4 ہفتوں کا وقت دیا ہے۔ ڈرافٹ کے مطابق نواز شریف کی صحت بہتر نہیں ہوتی تو اس مدت میں توسیع ہوسکتی ہے، حکومتی نمائندہ سفارتخانے کے ذریعے نواز شریف سے رابطہ کرسکے گا۔

تازہ ترین