• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمیونٹی مسئلہ کشمیر اٹھانے والے امیدواروں کو ووٹ دے، راجہ جاوید

بر منگھم (پ ر) پاکستان مسلم لیگ(ن) مڈلینڈ برطانیہ کے سینئر نائب صدر راجہ جاوید اقبال نے حالاتِ حاضرہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کو آئندہ برطانیہ کے عام انتخابات میں اُن اُمیدواروں کو ووٹ دینا چاہیے جو ہمارے مظلوم، محکوم کشمیری بہن بھائیوں کی آواز کو برطانوی پارلیمنٹ میں اٹھاسکیں قطع نظر وہ کسی بھی جماعت سے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی ماہ سے ہندوستان نے کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے اور عالمی مبصرین کو بھی وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ تمام دنیا کے علاوہ اب ہندوستان میں بھی بھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ کشمیر کی شناخت کو بحال کیا جائے اور کشمیر کے دونوں اطراف کے رہنے والوں کو مل کر فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے جیسا کہ اقوامِ متحدہ کی قرارداد میں موجود ہے کہ کشمیری اپنی مرضی سے فیصلہ کرنے کے مجاز ہیں۔ کشمیر کبھی بھی ہندوستان کا حصہ نہیں ہے۔ حکومتِ پاکستان کشمیریوں کا بہترین وکیل ہے اور پاکستان کو کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے اور دنیا بھر میں کشمیری نمائندوں کو بھیج کر ہندوستان کے ظلم و ستم جو معصوم بچوں، بوڑھوں پر اور ہماری ماؤں بہنوں کی عزتوں کو پامال کر رہا ہے اور آئندہ جو بھی مذاکرات ہوں اس میں دونوں اطراف کے کشمیریوں کو شامل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بہت ہی افسوس کی بات ہے کہ پاکستان نے ابھی تک ہندوستان سے تجارت اور سفارتی تعلقات بحال رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان کو باور کرانا چاہیے کہ بھارت، کشمیرکی حیثیت کو بحال کرے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے اور عالمی ذرائع ابلاغ کو وادی میں جانے کی اجازت ہونی چاہیے کہ وہاں کے حالات دنیا کے سامنے رکھ سکیں۔
تازہ ترین