• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک وقوم کی ترقی کیلئے تعلیمی بجٹ میں اضافہ انتہائی ضروری ، ماہر تعلیم

کراچی(جنگ نیوز)ایچ ای سی کے بحران کے حوالے سے جیو نیوز کے پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر تعلیم و سینئر کیریئر کونسلرسید عابدی نے کہا کہ رواں سال ایچ ای سی کا بجٹ 103ارب روپے کا تھا لیکن اب تک اسکا نصف بھی نہیں مل سکا ہے،اگر ملک وقوم کو ترقی دینی ہے تو تعلیم کی کوالٹی بہتر کرنی ، بجٹ میں اضافہ انتہائی ضروری ہے اور اسکے لئے ضروری ہے کہ ایچ ای سی ایسی حکمت عملی اپنائے کہ حکومت کو بجٹ بڑھانا پڑے کیونکہ تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کیلئے ایسا ضروری ہے۔انگریزی زبان میں شاعری کرنے والی پاکستانی شاعرہ سفینہ الہٰی نے بھی پروگرام میں شرکت کی ،انکا کہنا تھا کہ میں کافی عرصے سے انگریزی شاعری پڑھتی اور لکھتی آرہی ہوں تاہم رواں برس مجھے اسے کتابی شکل دینے کا خیال آیا جو میں نے کرڈالا،ابھی تک اس کا کافی اچھا ردعمل آرہا ہے۔ کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے لاڑکانہ کے بچے حسنین کے حوالے سے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر این آئی سی ایچ جمال رضا کا کہنا تھا کہ بچے کو کئی کتوں نے کاٹا تھا جس کی وجہ سے اسکا چہرہ کافی متاثر ہوا ہے جبکہ ٹانگوں اور باقی جسم پر بھی کافی نشانات ہیں،اب اسکی حالت خطرے سے خالی تو نہیں تاہم کافی بہتر ہے۔بچے کو جس وقت داخل کیا گیا تھا اس ہی وقت ڈاکٹروں اور سرجنز کی ٹیم نے علاج شروع کردیا تھا اور بعد میں اسکی سرجری کی گئی،اب بھی ہمارا بنیادی مقصد اس کی جان بچانا ہے تاکہ اس کے بعد ہم اس کی دیگر سرجریز کرسکیں۔

تازہ ترین