• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز، ٹیم کمزور، ارادے مضبوط، پاکستان تاریخ کا دھارا بدلنے کیلئے پرعزم

 ابوظبی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) وولن گابا کی بائونسی پچ پر پاکستانی بیٹسمینوں کا امتحان جمعرات سے شروع ہورہا ہے۔ امکان ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں نوجوان تیز بولر نسیم شاہ کو آزمایا جائے گا۔ پاکستان نے آسٹریلیا میں آج تک کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے۔ آسٹریلیا نے9ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دی ہے اور دو سیریز برابر رہی ہیں۔ اظہر علی اور مصباح الحق کا کمبی نیشن نسبتاً کمزور ٹیم لیکن آہنی ارادوں کے ساتھ دنیا کی صف اول کی ٹیم کو اپ سیٹ کرنے اور تاریخ بدلنے کے لئے پرعزم ہے۔ پاکستان ٹیم نے برسبین میں پہلے پریکٹس میں شرکت کی۔ اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ وولن گاباکی پچ پاکستانی بیٹسمینوں کے لئے نئی نہیں ہے۔2016میں یہاں ٹیسٹ کھیلنے والے تین بیٹسمین موجودہ ٹیم کا بھی حصہ ہیں۔ پاکستان نے450 رنز کے ہدف کے تعاقب میں400 رنز بنالئے تھے۔ ہمارے پاس پر یہاں ماضی میں کھیلنے والے تجربہ کاربیٹسمین اظہر علی،اسد شفیق اور محمد رضوان شامل ہیں۔ ہمیں یقینی طور پر ان کے تجربے اور مہارت سے فائدہ ہوگا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کہتے ہیں کہ اضافی بائونس والی پچ پر پاکستانی بیٹسمینوں کو چیلنج کا سامنا ہے ،انہیں دفاع اور اٹیک کرتے وقت مثبت رہنا ہوگا۔ پریس کانفرنس میں شان مسعود نے کہا کہ میں نے اس سال پہلی بار نسیم شاہ کو کھیلتے ہوئے دیکھا ہے۔ میرے خیال میں نسیم کی بولنگ سرپرائز پیکج ہوگی۔ آسٹریلیا جیسی بیٹنگ کے خلاف انہیں بھی اپنے آپ کو منوانا ہوگا۔ 16 سالہ بولر پرجوش اور باصلاحیت ہیں، انہوں نے بڑی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے والدہ کے انتقال کے باوجود آسٹریلیا میں قیام کا فیصلہ کیا اور اگلے روز شاندار اسپیل بھی کیا۔ شان مسعود کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی کینگروز کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کیلیے بیتاب ہیں۔ پرتھ میں تیاریوں کا اچھا موقع ملا۔ اسٹیو اسمتھ بہترین بیٹسمین ہیں ، ہمیں کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے کے لیے حکمت عملی بنانا پڑے گی، مچل اسٹارک اور مائیکل نیسر سمیت آسٹریلوی پیسرز مشکلات پیدا کرسکتے ہیں، پاکستان کا بولنگ اٹیک بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، محمد عباس تجربہ کار ہیں جب کہ عمران خان سینئر بھی اچھی فارم میں نظر آرہے ہیں۔ خیال رہے کہ کیمرون بین کرافٹ اور جو برنز کو پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ جیمز پیٹنسن، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ پر مشتمل بولنگ اٹیک کی معاونت کے لیے آل راؤنڈر مائیکل نیسر کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔

تازہ ترین