• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے گوشواروں میں اپنی بیویوں اور بچوں کے اثاثے ظاہر نہیں کئے،وکیل بابر ستار نے جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں سوالات اٹھائے تھے

اسلام آباد (فخر درانی) وزیراعظم عمران خان نے1981ء تا 2017ء، 37برسوں میں تقریباً 47لاکھ روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔ اس عرصے میں وہ چند برسوں کے لئے ٹیکس ادائیگی سے مستثنیٰ رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کچھ سال سیکڑوں روپے ٹیکس ادا کیا۔ دستاویزات کے مطابق عمران خان نے2010ء میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کیا جو 18 لاکھ 83 ہزار 33روپے ہے۔ اسی طرح 2011ء میں ان کی جانب سے ادا کردہ انکم ٹیکس کا حجم 5 لاکھ 62 ہزار 554 روپے رہا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے وکیل بابر ستار نے پیر کو سوالات اٹھائے اور بتایا کہ کچھ عرصہ ان کے موکل جسٹس فائز نے وزیراعظم عمران خان سے زیادہ انکم ٹیکس ادا کیا۔ 2017ء میں انہوں نے 103763روپے انکم ٹیکس کی مد میں ادا کئے۔ دی نیوز نے ٹیکس دہند رجسٹر ہونے کے بعد عمران خان کی جانب سے سالانہ ٹیکسوں کی ادائیگی کی ، آیا انہوں نے اپنی بیویوں کی جائیدادوں کو ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کیا؟ اس کے بارے میں تحقیقات کی۔ یہی سوالات جسٹس عیسیٰ نے صدر عارف علوی کے نام اپنے خط میں اٹھائے۔ جب ان کے خلاف وزیراعظم عمران خان کی ایڈوائس پر ریفرنس فائل کیا گیا۔ عمران خان کے گزشتہ 25سال میں ٹیکس ریکارڈ کے ایک محتاط جائزے کے مطابق سپریم کورٹ جج کے خلاف ریفرنس میں طے شدہ اصول کے برخلاف وزیراعظم عمران خان نے خود اپنی بیویوں اور بچوں کے اس دوران بیرون ممالک اثاثے یا بینک اکائونٹس کبھی ظاہر نہیں کئے۔ اس کے علاوہ عمران خان نے کبھی اپنے غیرملکی بینک اکائونٹس یا اثاثے ظاہر نہیں کئے۔ عمران خان نے اپنی پہلی بیوی جمائما کے بیرون ملک اثاثوں اور بینک اکائونٹس کو کبھی ظاہر نہیں کیا بلکہ اپنے دو بیٹوں 23 سالہ سلیمان اور 20 سالہ قاسم کے اثاثے اور اکائونٹس ظاہر کرنے کے عمران خان پابند تھے تاہم انہوں نے اپنے ٹیکس گوشواروں میں انہیں ظاہر نہیں کیا۔ عمران خان نے ریحام خان کے ساتھ 6 جنوری2015ء کو اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا تاہم 30 اکتوبر 2015ء کو ہی دونوں میں طلاق ہو گئی لہٰذا وہ ریحام خان کے اثاثے اور کھاتے ظاہر کرنے کے پابند تھے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ عمران خان نے تیسری شادی بشریٰ مانیکا سے 18 فروری 2018ء کو کی۔ ان کے اثاثوں اور کھاتوں کے بارے میں عمران خان نے موقف اختیار کیا چونکہ ان کی شادی کو 5 ماہ ہوئے ہیں لہٰذا وہ تفصیلات دینے سے قاصر ہیں۔ عمران خان نے1981ء سے 2017ء تک 4692897روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔ 
تازہ ترین