• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے نواز شریف معاملے پر جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا، فردوس اعوان

وزیراعظم نے نواز شریف معاملے پر جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا، فردوس اعوان


وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کے معاملے میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا۔

فردوس اعوان نےوفاقی کابینہ کے اجلاس پر میڈیا کو بریفنگ دی اور کہا کہ وزیراعظم مساوات پر مبنی معاشرہ قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر وزیر قانون فروغ نسیم بھی موجود تھے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو معیشت کے اشاریوں میں ہونے والی بہتری سے آگاہ کیا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں پہلی مرتبہ کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے اپنی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں مبارک باد دی۔

فردوس اعوان نے یہ بھی کہا کہ معاشی محاذ پر حکومتی کامیابی کا اصل فائدہ عوام تک پہنچے گا، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کی پالیسیوں کو تیز کیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے نادار اور مستحق افراد کو ریلیف پہنچانے کے لیے اقدامات کرنے کا بھی کہا ہے، انہوں نے تمام صوبوں سے عمر رسیدہ قیدیوں کا ڈیٹا بھی منگوایا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے معمولی جرائم میں ملوث قیدی جو 65 سال سے بڑے ہیں، ان کا ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے رینیو ایبل انرجی پالیسی کی اصولی منظوری دی ہے، اس موقع پر 27 وزراتوں کے مختلف اداروں نے 134خالی اسامیوں کی تفصیل سے آگاہ کیا۔

فردوس اعوان نے کہا کہ رضا عباس شاہ کو چیف ایگزیکٹو انجینئرنگ بورڈ تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

تازہ ترین