مردان (نمائندہ جنگ )مردان پولیس نے موٹر وے پر چکری کے قریب اسلحہ کی نوک پر کروڑوں روپے چھیننے والے ڈاکوئوں کے گروہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چھینی گئی رقم برآمد کر لی ۔ڈی پی او فیصل شہزاد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 9 فروری کو موٹر وے پر تھانہ چونترہ کی حدود میں 8 ڈاکوئوں نے ممتاز صنعتکار حاجی دلاور خان کے ملازمین جو لاہور سے ڈھائی کروڑ روپے لے کر آرہے تھے کو لوٹ لیااور فرار ہو گئے ۔وقوعہ اگر چہ ضلع راولپنڈی کی حدود میں رونما ہوا تھا تاہم اس میں ملوث ملزمان کا تعلق مردان سے تھا ۔صنعتکار نے ڈی آئی جی مردان ریجن اور ڈی پی او سے اس سلسلے میں مدد کی درخواست کی جس پر انہوں نے ڈی ایس پی رورل فضل واحد اور ایس ایچ او طورو انسپکٹر لقمان خان کی قیادت میں خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی جس نے جدید خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے ملزمان ذوالقدر ،دوست محمد ،شاہ حسین ،امجد ،گلزار اور امجد کو حراست میں لیا اور ان سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کر لی ڈی پی او نے کہا کہ ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے راولپنڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ڈی پی او نوشہرہ اور ڈی پی او چارسدہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔