کراچی(جنگ نیوز)جیو نیوز کے پروگرام’’ جیو پاکستان ‘‘میں بات چیت کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا نواز شریف کو 8 سے 10ہفتوں میں وطن واپس آنا ہے اور اگر وہ واپس نہ آئے تو جوابدہ عمران خان نہیں ہونگے بلکہ شہباز شریف ہونگے، عمران خان کا بیانیہ اور خدشہ درست ثابت ہوجائے گا اور اس صورت میں نقصان مسلم لیگ ن کا ہوگا۔
بیورو چیف جیو نیوز لندن مرتضیٰ علی شاہ کا کہنا تھا کہ حسن نواز کے فلیٹ کا ایک حصہ نواز شریف کیلئے مختص کردیا گیا ہے علاج کے انتظامات ایک مقامی کلینک میں بھی کیے گئے ہیں۔
سینئر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس،صوبائی وزیر پنجاب فیاض الحسن چوہان، میاں جاوید لطیف بھی گفتگو میں شریک تھے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ میری دعاہے کہ اللہ نوا ز شریف کو صحت و تندرستی عطا فرمائے لیکن میں شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان سے یہ اپیل کرونگا کہ خدا کا واسطہ انہیں خطائیوں اور قیمے کے نان بائیوں سے دور رکھیئے گا جبکہ انہیں برگرز بھی نہ کھانے دیں کیونکہ وہ پچھلے کچھ عرصے سے بسیار خوری کرتے رہے ہیں جس کی وجہ سے انکا یہ حال ہوا ہے اور عدالت نے بھی ان پر طنز کرتے ہوئے یہ کہا کہ یہ نہ ہوکہ وہاں آپ برگر کھاتے ہوئے ملیں۔
وہ صحت مند ہوں گے تو لوٹا ہوا پیسہ ملک میں واپس آئے گا۔ نیب کے زیر حراست ہونے کے باوجود انکا کھانا گھر سے ہی آتا تھا اور انہوں نے بد پرہیزیاں کی ہیں ،عمران خان نے اپنی سیاسی دشمنی کو چھوڑ کر انہیں جانے کی اجازت دی ہے اور بڑے دل کا مظاہرہ کیا ہے۔