• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

96 افراد کا قاتل، MQM لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

96 افراد کو قتل کرنے والا MQM لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار


شہر قائد میں ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 96 افراد کے قاتل کو گرفتار کرلیا، ٹارگٹ کلر کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفرمہیسر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کو گرفتار کر لیا ہے ، ٹارگٹ کلر یوسف نے  30 افراد کو خود قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے جبکہ گرفتار ملزم کا گروپ 43 ٹارگٹ کلرز پر مشتمل تھا۔

غلام اظفر مہیسر کے مطابق گروہ نے ایم کیوایم حقیقی کے 5 کارکن، سرکاری ملازم سمیت 2 افراد کو قتل کیا، مخبری کے شبے میں 12، بھتہ نہ دینے پرایک شہری کو قتل کیا جبکہ ملزم 66 افراد کی لاشیں بھی ٹھکانے لگا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم 1996 ء میں رینجرز کے ہاتھوں گرفتار اور 1997ء میں رہا ہوا، ملزم پیرول پر رہا ہونے کے بعد روپوش ہوگیا تھا۔

غلام اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

ملزم یوسف عرف ٹھیلے والے نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ وہ اور اس کا گروہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، سیاسی جماعت کے کارکنوں سمیت دیگر افراد کے قتل میں ملوث ہے۔ ملزم نے تمام وارداتیں اعلیٰ قیادت کے حکم پر کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔

ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ ٹارگٹ کلر ٹیم نے 2 فوجی جوانوں کو قتل کیا، گروہ نے پاک فضائیہ، پولیس کے ایک ایک اہلکار کو قتل کیا۔

ملزم نے بتایا کہ روپوشی کے دوران ایم کیوایم لندن گروپ ملزم کو پیغامات پہنچاتا تھا جبکہ گرفتار ٹارگٹ کلر نے دعویٰ کیا ہے کہ فاروق ستار نے نائن زیرو پر کمرہ دے کر ایک ماہ تک مفروری کٹوائی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے بھی ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے، ملزم یوسف  دہشت گرد ندیم ماربل اور عبدالسلام عرف مسہ کا قریبی ساتھی ہے۔

دوسری جانب ایم کیوایم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار کا تردیدی بیان میں کہنا ہے کہ وہ ملزم یوسف ٹھیلے والے کو نہیں جانتے، ملزم کی جانب سے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔

تازہ ترین