لاہور (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت لاہور نے سابق ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اجمل کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
عدالت میں وسیم اجمل نے الزام عائد کیا کہ نیب شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے کارروائی کررہا ہے۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج امیر محمد خان نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔
نیب کی جانب سے ملزم وسیم اجمل کا 15؍روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا گیا۔ عدالت نے وسیم اجمل کا دس روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے سماعت 30 نومبر تک ملتوی کردی۔
علاوہ ازیں احتساب عدالت لاہور نے نندی پور پاور پروجیکٹ میں 22کروڑ روپے فرنس آئل چوری کیس میں ملزم اسلم باغ اور اخلاق شاہ کے مزید 12 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے دوبارہ 2 دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ادھر گجرات پولیس میں 70 کروڑ روپے کرپشن اسکینڈل کیس میں سابق ڈی پی او کامران ممتاز سمیت چھ ملزمان کے مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے دوبارہ 4 دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
رائے اعجاز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔