قومی ایئرلائن نے کوئٹہ سے جدہ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کردیاہے۔پہلی فلائٹ کوئٹہ سے 141 عمرہ زائرین کو لے کر جب جدہ پہنچی تو کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پاکستان قونصلیٹ کے افسران احمد حسن قونصل پاسپورٹ اور پریس قونصلر محمد ارشد منیر نے مسافروں کا استقبال کیا۔اس موقعے پر ایئرلائن کے کنٹری منیجر ارشد درانی بھی موجود تھے۔
یہ کوئٹہ سے پی آئی اے کی پہلی ریگولر پرواز ہے جس کےمسافروں نے اپنے تاثرات میں کہاکہ اس سے پہلے وہ عمرے کے لیے بذریعہ کراچی آتے تھے ،جس میں خاصا وقت لگتا تھا، لیکن اس پرواز کے آغاز کے بعد ان کے پیسے اور وقت دونوں کی بچت ہوگی۔ انہوں نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا جن کی توجہ سے ان کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ۔ارشد درانی نے بتایا کہ ہر ہفتے دو فلائٹس جدہ جائیں گی۔