پاک بحریہ کے دو جہازوں نے موریتانیہ کا دورہ کیا۔ اس دوران مشن کمانڈر نے اہم ملاقاتیں کیں، میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا اور موریتانی عوام نے پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق موریتانیہ کی بندرگاہ نواکشوط میں میزبان بحریہ نے پاکستانی جہازوں ’معاون اور اصلت‘ کا پُرتپاک استقبال کیا۔
مشن کمانڈر نے میزبان بحریہ اور سول حکام سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے اُمور اور بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور پاک بحریہ کے سمندری تحفظ کے اقدامات کو اُجاگر کیا۔
مشن کمانڈر نے امیرالبحر کی جانب سے موریتانی عوام اور بحریہ کے لیے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ نے جذبہ خیر سگالی کے تحت موریتانیہ میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس میں 2000 سے زائد افراد کو علاج، آپریشنز اور ادویات کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔
موریتانین عوام نے پاک بحریہ کے میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو بڑے پیمانے پر سراہا اور پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر پاک بحریہ کے جہاز معاون پر عشایئے کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا، جس میں موریتانین بحریہ کے اعلیٰ حکام، سفارتی اور مقامی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دورے کا مقصد پاکستان کے مثبت امیج کا فروغ، دوطرفہ بحری تعاون کا مزید استحکام اور انسانی ہمدردی کے جزبے کو فروغ دینا ہے۔