• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اجلاس، ڈیجیٹل اثاثوں کی قانون سازی و فریم ورک پر پیش رفت کا جائزہ

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب—فائل فوٹو
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب—فائل فوٹو

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ڈیجیٹل اثاثوں کی قانون سازی پر اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے لیے جامع ریگولیٹری فریم ورک پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق معاونِ خصوصی برائے بلاک چین و کرپٹو بلال بن ثاقب نے ورچوئلی اجلاس میں شرکت کی۔

وزارتِ قانون نے ڈیجیٹل اثاثوں کےلیے قانونی فریم ورک کا مسودہ پیش کیا، مسودہ اہم اسٹیک ہولڈرز اور تکنیکی ماہرین کے اشتراک سے تیار کیا گیا تھا۔

مجوزہ قانون ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں سے متعلق مضبوط ریگولیٹری ڈھانچہ پیش کرے گا، مسودے میں گورننس کے طریقہ کار، لائسنسنگ کے پروٹوکولز شامل ہیں، سرمایہ کاروں کے تحفظ کے اقدامات شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے تمام متعلقہ فریقین کی مشترکہ کوششوں کو سراہا اور فریم ورک کو حتمی شکل دے کر جلد از جلد نافذ کرنے کی ہدایت کی۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ بلاک چین اور کرپٹو ٹیکنالوجیز کے معاشی فوائد کو بروئے کار لایا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مسودے کا تفصیلی جائزہ اور مزید بہتری سے متعلق تجاویز شامل کی گئیں، جبکہ مسودے کی منظوری کے عمل کو تیز، قانون سازی اور مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

تجارتی خبریں سے مزید