شہرِ قائد میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مزید 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد سندھ میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ ہو کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 38 ہو گئی ہے۔
کراچی میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ جاں بحق ہونے والے 2 افراد میں کورنگی سے تعلق رکھنے والا 40 سالہ شہزاد اور شاہ فیصل کالونی کا رہائشی 60 سالہ عبدالرافع شامل ہیں۔
ان ہلاکتوں کے بعد رواں سال کراچی سمیت صوبے بھر میں ڈینگی سے متاثر ہو کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 38 تک جا پہنچی ہے۔
رواں سال سندھ میں 14 ہزار 317 افراد ڈینگی میں مبتلا ہوئے تھے جبکہ کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہزار 330 ہے۔
بلوچستان میں ڈینگی کی صورتِ حال
ادھر بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں گزشتہ 2 روز کے دوران ڈینگی وائرس کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بلوچستان بھر میں رواں سیزن کے دوران ڈینگی وائرس کے کیسز کی تعداد تین ہزار 174 ہو گئی ہے، کیچ میں سب سے زیادہ 1766 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
صوبائی محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق لسبیلہ میں ڈینگی وائرس کے کیسز کی تعداد 408 ہو گئی ہے، اس وقت وائرس سے متاثرہ 3 مریض اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
حکام کے مطابق بلوچستان میں رواں سیزن کے دوران ڈینگی وائرس کے 3 ہزار ایک سو 74 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے زیادہ کیسز ضلع کیچ کے مختلف علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
کیچ میں ڈینگی کے 1766 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ گوادر میں ڈینگی وائرس کے 942 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وائرس میں مبتلا 3 مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے، جن کا تعلق کیچ سے تھا، اس کے علاوہ فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ میں بھی ڈینگی وائرس کے 59 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال لائے گئے تمام مریض کراچی یا دیگر علاقوں سے سفر کر کے کوئٹہ آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں ڈینگی وائرس نے ایک اور جان لے لی
محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق پہلے کی نسبت صوبے میں ڈینگی کے کیسز کی صورتِ حال میں کمی آئی ہے۔
خیبر پختون خوا میں موسم سرد، ڈینگی کے حملوں میں کمی
خیبر پختون خوا میں موسم سرد ہوتے ہی ڈینگی کے مرض میں بھی کمی ہونے لگی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں صرف 2 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق خیبر پختون خوا میں 2 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 ہزار 53 ہو گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ڈینگی کے دونوں کیسز پشاور سے رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 2 ہزار 682 ہے۔
صوبے میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ڈینگی کے کیسز میں بھی کمی آنے لگی ہے۔