• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غداری کیس کا فیصلہ محفوظ، مشرف نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

لاہور(نمائندہ جنگ) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کے فیصلہ محفوظ کرنے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ موقف سنے بغیر کیس کا فیصلہ محفوظ کیا گیا، بیمار ہوں تندرست ہونے تک مقدمے کی سماعت ملتوی کی جائے۔ 

پرویز مشرف نے وکیل احمد طارق رحیم کے ذریعے ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور درخواست میں موقف اختیار کیا کہ خصوصی عدالت کے 19نومبر کو موقف سنے بغیر غداری کے مقدمے کا فیصلہ محفوظ کیا ہے۔ 

درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف بیماری کی وجہ سے بیرون ملک زیر علاج مقیم ہے اور اسی وجہ سے خصوصی عدالت میں اپنا موقف پیش نہیں کرسکے۔ 

مشرف نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا 


درخواست میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کا حوالہ دیا گیا اور استدعا کی گئی کہ مقدمے پر دوبارہ سماعت شروع کی جائے۔ 

درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ خصوصی عدالت کا فیصلہ محفوظ کرنے کا حکم معطل کیا جائے اور جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کیخلاف غداری مقدمے پر سماعت ان کے تندرست ہونے تک موخر کی جائے۔

تازہ ترین