• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم نے اپنے ہی ڈاکٹروں کو رسوا کیا، شہباز شریف

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے غیرذمہ دارانہ بیانات دے کر اپنی ہی حکومت اور اپنے ہی شوکت خانم اسپتال کی جانب سے تقرر کئے گئے ڈاکٹروں کو رسوا کیا ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی سیاست پر بات نہیں کرنا چاہتے کیونکہ وہ اپنے بھائی کے علاج کیلئے لندن میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند روز میں عمران خان نے جو کچھ کہا وہ انہیں زیب نہیں دیتا۔ شہباز شریف سابق وزیر اعظم نواز شریف کو چیک اپ کیلئے ہفتے کے روز یونیورسٹی کالج اسپتال، ویسٹ مور لینڈ اسٹریٹ لے کر گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر لارینس نے نواز شریف کا عارضہ قلب سے متعلق چیک اپ کیا۔ ڈاکٹر نے ان کیلئے چند ٹیسٹ تجویز کئے ہیں، انہوں نے نواز شریف کیلئے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو عارضہ قلب کی تحقیقات اور اس کے نتیجے میں ہونے والے علاج کیلئے روڈ میپ دے دیا گیا ہے۔
تازہ ترین