• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف باکسر عامر خان پاکستان کے وزیر کھیل بننے کے خواہاں

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) معروف برٹش پاکستانی باکسر عامر خاں نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں کھیلوں کو ترقی دینے کیلئے پاکستان کے وزیر کھیل بننا چاہتے ہیں۔ جیو نیوز میں یہ خبر نشر ہونے کے بعد کہ عامر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کچھ نہیں کیا اور عمران خان کی کارکردگی سے ان کو مایوسی ہوئی ہے۔ عامر خان نے اس خبر پر جمعہ کو ایک وضاحت جاری کی، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کا مقصد عمران خان پر تنقید کرنا نہیں تھا۔ انھوں نے کہا کہ میں خود کو پاکستان کے کھیل کے وزیر کی حیثیت سے پیش کرنا چاہتا ہوں اور عمران خان کے لئے آسانیاں پید ا کرنا چاہتا ہوں، اس سے ان پر بوجھ میں کمی ہوجائے گی۔ عامر خان نے کہا کہ مجھے کھیلوں کا وزیر بنا دیا جائے تو اس سے عمران خان کو مدد ملے گی اور انھیں معلوم ہوگا کہ کوئی کھیلوں کے شعبے کو ان کیلئے کنٹرول کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کیلئے بہترین کام کر رہے ہیں لیکن ان کے پاس کھیلوں پر توجہ دینے کیلئے وقت نہیں ہے، اس لئے ان کو وزیر کھیل بنانے سے عمران خان اور ملک کو فائدہ پہنچے گا۔ عامر خان نے کہا کہ وہ عمران خان پر دبائو نہیں ڈالنا چاہتے اور کھیلوں کو ترقی نہ ملنے پر انھیں مورد الزام نہیں ٹہرانا چاہتے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کیلئے بہت کچھ کیا ہے اور انھوں نے پاکستان کو پہلے سے بہتر اور مضبوط بنا دیا ہے۔ قبل ازیں انھوں نے کہا تھا کہ عمران خان ایک عظیم انسان ہیں لیکن انھوں نے کھیلوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ایک کھلاڑی کی حیثیت سے انھوں نے کھیلوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ عامر خان نے، جو عمران خان کے دوست ہیں، کہا تھا کہ پاکستان میں ہر شخص رو رہا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہی وہ واحد شخص ہیں، جس نے کھیلوں کیلئے کچھ کیا ہے۔ انھوں نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ پاکستانی باکسروں کو پوری دنیا میں لے جا رہے ہیں اور ان کے میچ کرا رہے ہیں۔
تازہ ترین