سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کاؤنٹس کی رپورٹس سروسز اسپتال میں بن رہی تھیں، میں وثوق سے کہتا ہوں کہ وہاں ڈاکٹرز کی ٹیم سیاسی نہیں ہے، یہ حکومت اور اُس کے ارکان کی بوکھلاہٹ کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ میں تو یہ دعا کروں گا کہ اللّٰہ نہ کرے شیخ رشید یا کسی اور کو پلیٹ لیٹس کاؤنٹ دوہزار یا پانچ ہزار پر آئیں،میں تویہی کہوں گا کہ اب وقت آگیا ہے اُن کا بھی علاج کرایا جائے اور انہیں جیل روڈ کے اسپتال لے جایا جائے اور علاج کرایا جائے، جو اتنی چھوٹی ذہنیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی ساری توجہ اپنی اور میاں نواز شریف کی صحت پر ہے، مریم نواز کے والد صاحب اب بھی علیل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی کوئی عزت نفس بھی ہے، ان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو شاید وہ چل کر نہیں جاتا، نواز شریف نے ہمت کی وہ جہاز کے لفٹر تک چل کر گئے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سابق وزیراعظم کی بیماری سے متعلق کہا تھا کہ نواز شریف کی بیماری پر ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے میڈیا اور قوم کو بے وقوف بنایا، نواز شریف کی ریسٹورنٹس میں کھانے کی تصاویر آرہی ہیں، وطن واپسی پر ڈاکٹر عدنان اور ڈاکٹر وقار سے تفتیش کی جائے۔