وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو عدالت میں سنا نہیں گیا اور کیس میں بہت زیادہ غلطیاں ہوئیں، ن لیگ کی کابینہ میں منظوری نہیں لی گئی تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف بیمار ہیں اس لیے عدالت نہیں آسکتے، اگر پرویز مشرف کی صحت ٹھیک نہیں تو کیس مؤخر کرنا چاہیے۔
اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ عدالت جب کہے گی پرویز مشرف کو دیکھنے بندا ساتھ لے کر جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ غداری کیس میں پہلے سوموٹو ایکشن لیا گیا، بعد میں سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے آرٹیکل 6 کا کیس کردیا۔ آئین پاکستان کے لیے ہے، پاکستان آئین کے لیے نہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کسی جماعت کو نااہل نہیں کرسکتا، الیکشن کمیشن حکومت کو لکھے گا کہ اس جماعت نے یہ کیا ہے۔ تحریک انصاف میں کوئی بھی عمران خان کی جگہ نہیں لے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیماروں کی طرح باہر جاتے تو کسی نے کچھ نہیں کہنا تھا، جس طرح نواز شریف بیرون ملک روانہ ہوئے لوگ سوال پوچھ رہے ہیں۔نوازشریف کے باہر جانے اور میڈیکل رپورٹ دونوں میں فرق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری کو بھی وہ سہولتیں دینی چاہئیں جو نوازشریف کو دی گئیں۔