کراچی (جنگ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے لئے خون دینے والے کو غدار قرار دینا مناسب نہیں مشرف کو غدار نہیں آئین شکن کہا جاسکتاہے۔
مشرف کے خلاف کیس ان کی صحت یابی تک موخر کر دینا چاہیے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عام طور پر ہفتہ کو کیس نہیں سنا جاتالیکن سنا گیا اُن کی طبیعت کی وجہ سے ،جوڈیشری کے علاوہ بھی سب دباؤ میں تھے یہ ساری اس وجہ سے ایمرجنسی ہوئی۔
نیب کی درخواست پرنام ای سی ایل سے نکلتا ہے وہ بھی دباؤ میں تھے کیوں کہ اس طرح کی مثال پہلے موجود نہیں تھی اس وجہ سے دباؤ زیادہ تھا۔ اگر نوازشریف بیماروں کی طرح باہر جاتے تو کوئی بھی نہیں پوچھتا۔ کہیں نہ کہیں کچھ دال میں کالا ضرور ہے لیکن میں کچھ کہہ نہیں سکتا۔
میڈیکل بورڈ کی انکوائری کا استحقاق حکومت کا ہے۔ اگر وہ نہیں آ تے تو کورٹ جائیں گے اور جو مفرور کو ڈیل کرنے کا پروسیجر ہے وہ کیا جائیگا۔ مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تو مخالفت کروں گا۔
جعلی اکاؤنٹ کیس کے حوالے سے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے پیسے واپس دینا شروع کر دئیے ہیں ۔