• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاسر کے خلاف نظم و ضبط کا مظاہرہ کروں گا، اسٹیو اسمتھ

یاسر کے خلاف نظم و ضبط کا مظاہرہ کروں گا، اسٹیو اسمتھ


سابق آسٹریلوی کپتان اور عالمی نمبر ایک ٹیسٹ بیٹسمین اسٹیو اسمتھ نے کہا ہے کہ وہ آئندہ یاسر شاہ کے خلاف محتاط انداز میں کھیلیں اور ’نظم و ضبط‘ کا مظاہرہ کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسٹیو اسمتھ کہتے ہیں کہ انہیں مزید حوصلہ ملا ہے کہ وہ اگلے میچ میں یاسر شاہ کے ہاتھوں آؤٹ نہ ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی بولنگ پر نظم و ضبط کے ساتھ کرکٹ کھیلیں گے۔

یاد رہے کہ برسبین ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے اسٹیو اسمتھ کو 4 رنز پر ہی بولڈ کردیا تھا جو ٹیسٹ فارمیٹ میں 7ویں مرتبہ پاکستانی لیگ اسپینر کا شکار بنے ہیں۔

بربین گابا میں آؤٹ ہونا یاسر شاہ کے خلاف اسٹیو اسمتھ کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے، تاہم وہ کہتے ہیں پاکستانی لیگ اسپنر کی ان کے خلاف کامیابی پر انہیں کوئی تشویش نہیں ہے۔

اسمتھ کہتے ہیں کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے ہاتھوں چند مرتبہ آؤٹ ہوا ہوں، تاہم میں نے ان کے خلاف رنز بناتا رہا ہوں جبکہ جارحانہ کرکٹ بھی کھیلتا رہا ہوں۔

اپنی وکٹوں سے متعلق انہوں نے واضح کیا کہ یاسر نے زیادہ تر انہیں دوسری اننگز میں آؤٹ کیا ہے جب وہ اکثر ڈر کر شاٹ کھیلتے ہیں۔

تاہم یہاں غور طلب بات یہ ہے کہ یاسر شاہ نے برسبین میں جب اسٹیو اسمتھ کو اپنا شکار بنایا تو وہ آسٹریلیا کی پہلی اننگز تھی۔

سابق آسٹریلیا کپتان نے کہا کہ یاسر نے گابا میں بہترین بولنگ کی، انہیں وہاں کچھ ڈرفٹ ملا جبکہ اُس وکٹ پر انہیں اسپن بھی مل رہا تھا جبکہ وکٹ پر اتنا اسپن موجود ہی نہیں تھا لیکن ہمیں انہیں آئندہ میچ میں اچھا کھیلنا ہے۔

آسٹریلیا نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 5 رنز سے شکست دی تھی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلا جانے والے دوسرا ٹیسٹ ڈے نائٹ میچ ہوگا جس میں فتح کے ساتھ ٹیم سیریز کو برابر کر سکتی ہے جبکہ شکست یا ڈرا کی صورت میں قومی ٹیم کو کینگروز کی سرزمین پر یہ مسلسل 9ویں سیریز میں شکست ہوگی۔

تازہ ترین