• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چومکھی لڑائی لڑ رہے ہیں، دہشتگردی ختم کر کے دم لینگے،حمزہ شہباز

لاہور( جنرل رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ ہم چومکھی لڑائی لڑ رہے ہیں،سیاسی جماعتیں، عسکری ادارے اورساری قوم سکیورٹی فورسز کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار بنی کھڑی ہے، سب یکسو ہو کر دہشت گردی کے کینسر کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کر کے دم لینگے - حمزہ شہباز نے سروسز ہسپتال میں سانحہ گلشن اقبال پارک کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اچھے اور برے دہشت گردوں کی تمیز ختم ہو چکی ہے، اس سانحہ سمیت دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث مکروہ چہرے جلد بے نقاب ہونگے -یہ سانحہ متاثرہ خاندانوں کے لئے ہی نہیں ساری قوم کے لئے آزمائش ہے جس میں انشاء اللہ ہم پورا اتریں گے-انہوں نے کہا کہ ایسی درندہ صفت کاروائیاں کرنے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں ۔ہم حالت جنگ میں ہیں۔اس طرح کی مذموم سرگرمیاں پاکستانی قوم کے کوہ ہمالیہ سے اونچے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں -حمزہ شہباز نے کہا کہ اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے بچے اپنی ماؤں کی آنکھوں کے تارے تھے -اسی طرح افواج پاکستان، رینجرز اور قومی اداروں کے نوجوان بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں جو اپنے والدین کے لخت جگر ہیں - انہوں نے کہا کہ عوام اور فورسز دونوں کی طرف سے قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے اور سیاسی جماعتوں ، میڈیا اور ساری قوم کو مل کر دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنا ہے -ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ تمام ادارے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور انشاء اللہ آخری جیت پاکستانی قوم کی ہو گی اور ہر قیمت پر وطن عزیز کو امن کا گہواہ بنائیں گے اور اپنے خون کے آخری قطرے تک دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے -حمزہ شہباز نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور ہمیں احتیاط سے کام لیتے ہوئے آگے بڑھنا ہو گا -حمزہ شہبازنے سروسز ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی فرداً فرداً عیادت کی اور ان سے خیریت دریافت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی - انہوں نے زخمیوں کو ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا اور زیر علاج مریضوں کو ہر ممکن سہولت بہم پہنچانے کی ہدایت کی -حمزہ شہباز ایک نوجوان زخمی شعیب سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے اور زیر علاج شعیب کے یہ کہنے پر کہ اس سانحہ میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے -حمزہ شہباز نے کہا کہ آپ فکر نہ کریں یہ ساری قوم کے دشمن ہیں اور ہم  آخری دم تک دہشت گردوں سے لڑائی جاری رکھیں گے - 
تازہ ترین