عالم آباد ویلفیئر پروجیکٹ میں جمعرات کو پاک فضائیہ اور راشد میموریل ویلفئیر آرگنائزیشن کے باہمی اشتراک سے 200 بستر پر مشتمل جدید اسپتال اور عظیم الشان مسجد کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پاک فضائیہ کے سربرا ہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ان شاندار منصوبوں کی تختی کی نقاب کشائی کی۔
عالم آباد کا عظیم منصوبہ بالعموم خیبر پختونخواہ کے لوگوں اور بالخصوص صوابی کی مقامی آبادی کی فلاح وبہبود کے لیے بنایا گیا ہے۔
ائیر کموڈور (ریٹائرڈ) شبیر احمد صدر راشد میموریل ویلفئیر آرگنائزیشن نے معزز مہمانوں کو عالم آباد ویلفیئر پروجیکٹ کی چیدہ چیدہ خصوصیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنانے کے علاوہ تعمیر ملت کے پروگراموں میں بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ افسران کا منصوبہ راشد آباد بلاشبہ ایک معجزہ ہے اور ملک کے ہر شہری کو اس کا دورہ کرکے اس کی ترقی کو دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ یہ منصوبہ اس علاقے کے لوگوں کو باعزت روز گار فراہم کرنے کے علاوہ انہیں بہترین تعلیمی اور طبی سہولیات بھی فراہم کرے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے اس منصوبے میں ائیر چیف کی مخلصانہ کاوش کی تعریف کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ منصوبہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اس منصوبے کے لیے نبی کلے کے مقامی لوگوں کی جانب سے ایک ہزار کینال زمین وقف کرنے کے بے لوث جذبے کو بھی سراہا۔
یہ منصوبہ پاک فضائیہ اور راشد میموریل ویلفئیر آرگنائزیشن کے اس وژن کے مطابق ہے جس کے ذریعے پورے ملک کے پسماندہ علاقوں میں ماڈل ولیجز کا قیام ہے تاکہ وہاں ضرورت مند دیہی آبادی کو تمام ضروری وسائل ایک ہی جگہ دستیاب ہو سکیں۔
یہ منصوبہ تعلیمی، ووکیشنل اور صحت کے مراکز پر مشتمل ہو گا جس کا مقصد اس کے قریبی مقامی علاقوں سے غربت اور جہالت کا خاتمہ ہے۔