• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان تمام ممالک سے اقتصادی تعاون بڑھانا چاہتا ہے، عمران اسماعیل

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہےکہ پاکستان خطے سمیت دیگر ممالک سے اقتصادی تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے ،دور جدید میں سفارتخانوں کی اہمیت اور بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں سفارت کاروں کا کلیدی کردار ہوتا ہے جبکہ کامیاب سفارت کاری سے ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 16 ممالک کے غیر ملکی ڈیفنس اٹیچیز اور سفارتی عملے پر مشتمل وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں امریکا، کینیڈا، چیک ریپبلک ، بنگلہ دیش ، جرمنی، اٹلی، انڈونیشیا ، جاپان، اردن ، ملائیشیا، میانمار، پولینڈ، سعودی عرب، سوڈان، تھائی لینڈ اور مصر کے سفارتکار شامل تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سرمایہ کاری ، مشترکہ منصوبے اور دو طرفہ تجارت کے فروغ میں بھی سفارت کاری اہم ثابت ہوتی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ایشیائی سمیت دیگر ممالک کے مابین اقتصادی تعاون اور باہمی تجارت کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے، سفارتی وفود کے تبادلوں سے سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبہ میں ترقی ہورہی ہے ، جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔

تازہ ترین