گھر چھوٹا ہو یا بڑا، اسٹڈی روم کی تعمیر لازمی سمجھی جانے لگی ہے اور جن گھروں میں اسٹڈی روم کیلئے علیحدہ کمرہ مختص نہ ہو، وہاں بیڈروم کا ایک پورشن اسٹڈی ایریا کے طور پر مخصوص کر دیاجاتا ہے جو بعض اوقات آپ کے ہوم آفس کے فرائض بھی سرانجام دیتا ہے۔ یہی نہیں، اگر بچوں کے کمرے کی بات کریں تو زیادہ تر گھروں میں وہاں بھی ایک پورشن اسٹڈی ایریا کے طورپر مختص کیا ہوتا ہے تاکہ بچے وہاںبیٹھ کر ہوم ورک کرسکیں۔
لیکن اس پورشن یا اسٹڈی روم کیلئے جو چیز سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے، وہ فرنیچر ہے۔ اسٹڈی روم کے فرنیچر کیلئے جو چیز سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے، وہ فرنیچر کا آرام دہ ہونا ہے۔ اسٹڈی روم کا فرنیچر نہ صرف آپ کے گھر کی سجاوٹ بلکہ آپ پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ فرنیچر کی خریداری سے قبل جگہ کے سائز، بجٹ اور فرنیچر کی پائیداری پر غورکرنا ضروری ہے، اس سلسلے میں درج ذیل تجاویز پر غور کیا جاسکتا ہے۔
جگہ پر غور کیجیے
عام طور پر اسٹڈی روم یا ہوم آفس روم کیلئے فرنیچر کے انتخاب میں سب سے بڑی غلطی جگہ پر غور نہ کرنے کی صورت کی جاتی ہے۔ آپ کا اسٹڈی روم اس وقت تک کشادہ محسوس ہوتا ہے، جب تک وہاںچیئر اور ٹیبل نہ لگا دی جائیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ فرنیچر کی خریداری سے قبل جگہ کی پیمائش کی جائے۔ کھڑکیوں اور دروازے کی جگہ چھوڑکر پیمائش کی جائے تاکہ فرنیچر اس جگہ میں فٹ ہوجائےاور اسٹڈی روم چھوٹا چھوٹا محسوس نہ ہو۔دوسری جانب اگر اسٹڈی ایریا میں کھڑکی موجود ہے تو کوشش کریں کہ ٹیبل کھڑکی کے رُخ ہو۔
فرنیچر کا انتخاب
اسٹڈی روم کے فرنیچر کے لیےفینسی کے بجائے اینٹیک اور رویتی قسم کا فرنیچر زیادہ مناسب رہتا ہے۔ عام طور پر زیادہ تر افراد اس مرحلے پر غلطی کرجاتے ہیں اور کچھ ہی عرصے بعد فینسی فرنیچر ریٹائر منٹ کی سند حاصل کرکے سڑکوں پر بکنے والے فرنیچر میں شامل ہوجاتا ہے۔ اینٹیک طرز پر بنے فرنیچر نہ صرف دکھنے میں خوبصورت لگتے ہیں بلکہ پائیدار بھی ہوتے ہیں۔
صحیح کرسی کا انتخاب
اسٹڈی روم یا ہوم آفس کے لیے مختص کیا گیا وقت فرنیچر کی خریداری پر خاص اثر انداز ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ اسٹڈی یا ہوم آفس 30منٹ سے ایک گھنٹے کے لیےاستعمال کرتے ہیں تواسٹائلش آفس چیئر کا انتخاب کریں۔ اگر آپ روزانہ 7سے 8گھنٹے آفس کو دیتے ہیںتواسٹائلش کے بجائے آرام دہ اور پرسکون چیئر کاانتخاب کیجیے۔
ہوم آفس یا اسٹڈی روم کے لیے کرسی کے انتخاب میں اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کی کرسی زیادہ سے زیادہ آرام دہ ہو، اس کے لیے چند باتوں کا خیال رکھیں۔ مثلاً کرسی کی سیٹ اتنی چوڑی ہو کہ آپ آسانی سے حرکت کرسکیں، کرسی کی اونچائی بیٹھنے والے کی پنڈلی کی لمبائی سے کم ہونی چاہیے،پشت اور نشست کا درمیانی زاویہ 95درجے یا اس سے زیادہ ہونا چاہیے۔ زاویے کے علاوہ آپ کی کمر اور سیٹ میں پیچھے بیٹھنے کی جانب جھکاؤ موجود ہو، اگرکرسی میںسر کو سہارا دینے کے لیے جگہ موجود ہو تویہ مزیدآرام دہ ہوجاتی ہے۔
بجٹ پر نظر
بجٹ کسی بھی منصوبہ بندی پر عمل درآمد کرنے کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے فرنیچر کے انتخاب کا مرحلہ بھی ایسا ہی ہے۔ آپ انٹرنیٹ ویب سائٹس یا فرنیچر میگزین دیکھیں تو وہاں فرنیچر کی قیمتیں بھی ساتھ درج ہوتی ہیں۔ اگر آپ کا بجٹ محدودہے تواینٹیک کے بجائے سادہ فرنیچر کا انتخاب کریں۔
ملٹی فنکشنل
ایک سے زیادہ کام دینے والا فرنیچر بھی وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ اس کی وجہ جگہ کی کمی بھی ہوسکتی ہے یا ایک سے زیادہ کام کرنے والے فرنیچر کی ضرورت بھی۔ ملٹی فنکشنل فرنیچر کم جگہوں کے لیے بے حد موزوں رہتا ہے، مثال کے طور پر ایک ایسی ٹیبل کا انتخاب کریں جو بیک وقت پرنٹر، کانفرنس اور ورک ٹیبل کے طور پر کام کرے۔
بک شیلف یا کیبنٹس
اسٹڈی روم کی تیاری کے لئے بک شیلف اور کیبنٹس ضروری سمجھی جاتی ہیں۔ بعض شیلف پائیدار لکڑی کے ہمراہ اوپن اسٹائل میں بنوائے جاتے ہیں اور بعض کیبنٹ کے ساتھ۔ شیلف میں استعمال کی جانے والی لکڑی کے لئے ڈارک براؤن یا سیاہ رنگ ٹرینڈی کلرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ اگر آپ کی دیواروں کا رنگ زیادہ ہلکا ہو تو نیلے رنگ کے شیلف بھی استعمال کئے جاسکتے ہیں۔بصورت دیگر بازار سے ریڈی میڈ شیلف بھی خرید کر اسٹڈی روم میں فکس کیے جاسکتے ہیں۔