وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایک مافیا حکومت کوغیرمستحکم کرنا چاہتا ہے،جو یہ کہہ رہے ہیں کہ این آر او ہوگا،انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ این آر او نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ آرمی چیف کے معاملے پر آئین میں ترمیم کی ضرورت نہیں،اگر آئین میں ترمیم ہوئی تو واضح اکثریت سےترمیم پاس ہوگی،حکومت مدت پوری کرے گی،الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے دوراندیشی کا فیصلہ دیا ہے، تمام جماعتیں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پرمتفق ہیں،چھ ماہ کا مطلب تین سال ہی سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں لیکن ہماری نیت صاف تھی، ہم اپنا بیانیہ صحیح طریقےسےپیش نہیں کرسکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگوں کو پنجاب حکومت پر تحفظات ہیں، مجھے بھی ہیں، ساری قوم سی پیک اور چین کے ساتھ ہے، پوری دنیا میں سازشیں ہورہی ہیں،میں خود بھی پنجاب کی صورتحال سےمطمئن نہیں ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا نے دھرنا دیا اب ان کو کھلی چھوٹ ہے۔