• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ یوم ثقافت کو سندھ کے باسی عید کے تہوار کی طرح منارہے ہیں


سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پر سندھ کے مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں شرکاء سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے شرکت کر رہے ہیں۔

ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو منایا جانے والے سندھی یوم ثقافت کو سندھ کے باسی عید کے تہوار کی طرح مناتے ہیں، اس سلسلے میں آج بھی ہر کوئی سندھ کے روایتی رنگوں میں رنگا ہوا ہے اور سندھی ٹوپی اور اجرک زیب تن کیے سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ اس دن کو بھرپور انداز سے منایا جا رہا ہے، مختلف تقریبات میں سندھی ثقافتی ٹیبلو پیش کرکے یا علاقائی گیتوں پر والہانہ جھوم کر اپنی ثقافت سےمحبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

اسکولوں میں یوم ثقافت کی تقاریب میں طالبات نے سندھ کی روایتی انداز میں ہونے والی شادیوں کے رنگوں کو ٹیبلوز کے ذریعہ پیش کیا ہے۔

سندھ کے باسیوں کا اس موقع پر کہنا ہے کہ یوم ثقافت منانے کا مقصد سندھ کی ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کرکے اس بات کا اظہار کرنا ہے کہ سندھ محبت اور امن کی سر زمین ہے۔

سندھی ثقافت کے  دن کے سلسلے میں ضلع بدین میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جہاں چار سو سندھی ثقافت کے رنگ بکھرے دکھائی د ے رہے ہیں، ضلع بدین میں مختلف مقامات پر رنگا رنگ تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے نجی و سرکاری اسکولوں میں طلبا و طالبات کی جانب سے ٹیبلوز پیش کیے جا رہے ہیں اور علاقائی گیتوں پر رقص کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب یوم ثقافت پر سکھر میں مرکزی پروگرام پریس کلب کے سامنے منعقد کیا جائے گا، جہاں سیاسی، سماجی جماعتوں سمیت مختلف برادریوں کی جانب سے سندھی ٹوپی اور اجرک کی قدیمی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے ریلیاں نکالی جائیں گی۔

سندھی کلچر ڈے کے موقع پر سندھ کے علاقے شہر نواب شاہ میں بھی ثقافتی دن کو بھر پور طریقے منایا جارہاہے،  نوجوان بزرگ اور بچے اپنی پسند کی اجرکیں اور ٹوپیاں خریدنے میں مصروف ہیں۔

ٹھٹھہ میں یوم ثقافت سندھ کے سلسلے میں مچھ کچہری کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر رنگا رنگ مچھ کچہری میں مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صوبہ سندھ سمیت ملک بھر کی عوام کو ’یومِ سندھی ثقافت‘ کے موقع پر مبارکباد دی تھی۔

سندھی ثقافت کے دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سندھی ثقافت قدیم سندھ تہذیب و اسلامی تہذیب کا خوبصورت امتزاج اور وادیِ مہران کے لوگوں کی انسانیت دوستی، ملنساری اور دلیرانہ مزاج کی آئینہ دار ہے۔

سندھی کلچے ڈے کے موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگ صدیوں سے مہمان نواز، اپنی ثقافت اجرک، ٹوپی اور رلی جیسی بہترین نشانیوں سے محبت کرنے والے ہیں ، انڈس ویلی اور تھرپارکر سے لے کر کشمور تک ہر جگہ سندھ کی ثقافت کی بیشمار نشانیاں موجود ہیں جو سندھ کے عوام کو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔

آج سندھ کے کروڑوں عوام اپنی ثقافت سے محبت کا جشن منانے اور تعلیمی اداروں سمیت ہر جگہ ایک میلے کا سماں نظر آرہا ہے ، جماعت اسلامی سندھ کے کارکنان ثقافتی دن کو اپنی ثقافتی دن کے موقع پر اجرک ٹوپی اور قرآن پاک ہاتھوں میں لے کر منائیں گے۔

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و سینئر رہنما تحریک انصاف سندھ فردوس شمیم نقوی نے بھی سندھی ثقافتی دن کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے تحریک انصاف بھرپور طریقے سے سندھی ثقافت کا دن منائے گی، ہر ضلع میں شاندار پروگرام منعقد کیے جائیں گے ، ثقافتی اعتبار سے یہ دن بہت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سندھی ثقافت صدیوں سے چلی آرہی ، سندھ دھرتی سے پیار کرنے والے ثقافتی دن کو جوش و خروش سے مناتے ہیں،پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں کثیرالثقافتی قومیں رہتی ہیں،باب الاسلام کے لوگ اس دن کو قومی عید کے طور مناتے ہیں۔

فردوس شمیم نقوی مزید نے کہا کہ اہل سندھ اس دن کو محبتوں کے فروغ، مہمان نوازی سمیت اپنی شاندار روایات کے طور دنیا کے سامنے اجاگر کریں، سچل، بھٹائی، قلندر، چیزل، کا پیغام سندھ کے امن اور سلامتی کا پیغام ہے، زندہ دل قومیں اپنی ثقافت اور مادر وطن سے عقیدت اور محبت قائم رکھتی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر اور جی ڈی اے کے مرکزی رہنماءپیر سید صدر الدین شاہ راشدی نے سندھی ثقافت ڈے کے موقعے پر اپنے جاری کردہ خصوصی پیغام میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنان اور جی ڈی اے کے کارکنان کو خاص ہدایت کی ہے کہ وہ سندھ ثقافتی ڈے شایان شان اور بھرپور طریقے سے منائیں اور اس خاص دن کے موقعے پر پورے سندھ میں کیمپس قائم کرکے جشن کا سماء بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی قدیم تہذیب ہے جس کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ جو قومیں اپنی ثقافت اور تہذیب کو بھول جاتی ہیں وہ قومیں صفے ہستی سے مٹ جاتی ہیں، اس لیے اپنی زبان اور ثقافت کی ترقی کے لیے بھائی چارگی کی فضا قائم کریں۔

تازہ ترین
تازہ ترین