• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایوان صدر میں سائرہ پیٹر سمیت دیگر فنکاروں کی دعوت


پاکستانی نژاد برطانوی صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کی ایوان صدر اسلام آباد میں صدر عارف علوی سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر امریکا، چین، ترکی کے نامور فنکار بھی موجود تھے۔

سائرہ پیٹر اور دیگر بین الاقوامی فنکاروں کو اسلام آباد آرٹ فیسٹیول میں شاندار پرفارمنس کے بعد پریزیڈنٹ ہاؤس میں کھانے پر خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اوّل نے تمام بین الاقومی فنکاروں کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر سائرہ پیٹر نے بغیر میوزک کے صوفی اوپیرا گائیکی کا مظاہرہ کے سب کو خوش گوار حیرت میں مبتلا کردیا۔ ایوان صدر میں صوفیانہ کلام اور سائرہ پیٹر کی آواز گونج اٹھی۔

صدر عارف علوی نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فنکار قابلِ قدر ہیں جو اپنے فن کے ذریعے دنیا بھر میں اپنے ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔

گلوکارہ سائرہ پیٹر نے صدر پاکستان کو بتایا کہ میں نے مغربی اور مشرقی موسیقی کا فیوزن بناکر دنیا کے مختلف ممالک میں پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بیٹی ہونے کے ناطے صوفیانہ کلام گا کر عالمی دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان امن اور سلامتی والا ملک ہے جبکہ میں نے صوفی اولیاء کرام کا کلام انگلش میں ترجمہ کرکے پیش کیا تو اسے سب نے سراہا۔

بعد ازاں تمام بین الاقوامی فنکاروں کی مختلف اقسام کے کھانوں سے تواضع کی گئی۔

تازہ ترین