• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے اپنے لانے والوں کا پردہ رکھا نہ ہی لاج رکھی، سراج الحق

حکومت نے اپنے لانے والوں کا پردہ رکھا نہ ہی لاج رکھی، سراج الحق


امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے لانے والوں کا پردہ رکھا نہ ہی لاج رکھی۔

منصورہ لاہور میں جنوبی پنجاب کنونشن سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ جو لوگ پہلے کی حکومتیں لائے، ان جماعتوں نے ان کی لاج رکھی، لیکن موجودہ حکومت نے لانے والوں کا کوئی پردہ رکھا نہ ہی لاج رکھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان جس معاشی اور قانونی ترقی کی تعریف کررہے ہیں، اس کا مطلب ہے آنے والے دن خراب ہوں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم، پولیس افسران اور بیوروکریسی کو تبدیل تو کر رہے ہیں لیکن لوگ ان کی اس تبدیلی کے منتظر ہیں، جس کا انہوں نے وعدہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے سوا پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور باقی سب جماعتوں کا احتساب چاہتی ہے۔

سراج الحق نے استفسار کیا کہ وزیراعظم کس بات پر معاشی اور قانونی ٹیم کو مبارک باد دے رہے ہیں؟ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 25 پیسے کمی حاتم طائی کی قبر پر لات مارنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے شہزادے مہنگائی کے توڑ کے لیے ٹماٹر کے بجائے دہی استعمال کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نوجوان 22 دسمبر کو کشمیر مارچ کے لیے ان کا بھرپور ساتھ دیں۔

تازہ ترین