بریڈ فورڈ(محمد رجاسب مغل) جامعہ اسلامیہ رضویہ ساؤتھ فیلڈ لین بریڈفورڈ میں جشن میلاد النبی صلی اللہ وعلیہ وسلم کانفرنس سے علامہ مفتی اسلم بندیالوی نے اپنے صدارتی خطاب میں لندن دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے جو تمام انسانیت کا احترام کرتا ہے۔ آپ صلی اللہ وعلیہ وسلم اس دنیا میں امن کا پیغام لائے، سیرت مصطفی ﷺکا پیغام سراپا امن وسلامتی ہے جوانسانیت کی ترقی کا ضامن ہے،کوئی بھی معاشرہ اس وقت ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہوسکتا جب تک تعلیم وتربیت اور اخلاق حسنہ کی شمعیں نہ جلائی جائیں، ہمیں چاہئے کہ اپنے ارد گرد معاشرتی استحکام پیدا کریں، باہمی اعتماد اور مکالمے پر مبنی تہذیب کو فروغ دیں۔ سیرت مصطفیﷺ کو خالق کائنات نے اسوہ ٔحسنہ کا ٹائٹل دیا ہے، ماہ ربیع الاوّل کا تقاضا ہے کہ ہم اسوۂ حسنہ کو اپنی نجی و قومی زندگی میں زاد راہ بنائیں۔ آپﷺ کا حسن اخلاق اور صبر و استقامت، صلہ رحمی، عفو و درگزر اور سادہ زندگی پوری انسانیت کے لئے بہترین نمونہ ہے۔ معلم کائناتﷺ کی ذات و صفات اور سیرت مطہرہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے منسلک افراد خواہ ان کا تعلق کاروبار سے ہو، قانون، عدالت، کارہائے نظام مملکت سے ہو ہر معاملے میں کامل رہنمائی پائیں گے۔ حضور اکرم ﷺکے بنائے ہوئے قوانین قیامت تک ہر انسان، ہر نسل، ہر قوم، ہر ملک ،ہر خطے کے لئے بلاامتیاز رنگ و نسل ہیں۔ ان قوانین پر عمل سے معاشرے میں امن وسکون پیدا ہو گا۔ ظلم و ستم، ناانصافی کا خاتمہ اور حقیقی معنوں میں مساوات انسانی پیدا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ محافل میلاد النبی ﷺشریعت کے دائرے میں رہ کر منانے سے ہی اللہ اور رسول صلی اللہ وعلیہ وسلم کی رضا حاصل کی جا سکتی ہے۔ میلاد کے جلوسوں میں پردے کے بغیر خواتین کی شرکت شریعت کے خلاف اور غضب الہٰی کا مؤجب ہے ،علماء و مشائخ کو اپنے فرائض منصبی پر توجہ دیتے ہوئے اس کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید فرقان حمید سے جہاں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت و رسالت کی آفاقیت و عالمگیریت ثابت ہوتی ہے وہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے وصف ختم نبوت کا اختصاص بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس کے لئے ثابت ہوتا ہے، اس لئے کہ پہلے تمام انبیاء علیہم السلام اپنے اپنے علاقہ، مخصوص قوم اور مخصوص وقت کے لئے تشریف لائے، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے تو حق تعالیٰ نے کل کائنات کو آپﷺ کی نبوت و رسالت کے لئے ایک اکائی بنادیاجس طرح کل کائنات کے لئے اللہ تعالیٰ ’’رب‘‘ ہیں، اسی طرح کل کائنات کے لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ’’نبی‘‘ ہیں۔ یہ صرف اور صرف آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اعزاز و اختصاص ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی ذات باعث تخلیق کائنات ہے۔ آپ ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہّ ہے اور آپ ﷺ کا ذکر خیر کرنا گناہوں سے مغفرت کا وسیلہ ہے۔ اس موقع پر پیر عرفانی میاں شاہ نے اپنے خطاب میں محبت رسول اور اتباع رسولﷺ پر زور دیا۔ دربار عالیہ کھڑی شریف کے خطیب مفتی محمد زبیر نقشبندی نے عقائد اہلسنت پر کار بند رہنے پر زور دیا۔ آزاد کشمیر کے علاقہ ڈڈیال کے معروف عالم دین علامہ نواز بشیر جلالی نے کہا کہ نئی نسل اللہ اور رسول ﷺسے محبت کے ساتھ ساتھ صحابہ کرامؓ اور اہل بیت اطہارؓ سے اپنی محبت کے رشتوں کو استوار کرے تاکہ وہ کامیابی سے ہمکنار ہو سکیں۔ تقریب سے علامہ محمد شفیع نقشبندی، قاری نور حسین نقشبندی، مولانا عمران نقشبندی، مولانا شاہد، مولانا سید ہمدانی میاں، مولانا حافظ زبیر نقشبندی نےبھی خطاب کیا جب کہ قاری محمد اشرف قادری نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ تقریب رات گئے تک جاری رہی جس میں جامعہ کے طلباء و علما جن میں مولانا سید صمدانی میاں، مولانا سید زرقانی میاں، مولانا محمد اشتیاق، مولانا محمد ظہور قادری، مولانا حافظ شبیر احمد، مولانا حافظ صابر، مولانا سوداگر، مولانا حافظ محمد سعید اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں امت مسلمہ کے استحکام، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے دعائیں کی گئیں۔