برمنگھم (عمران منور) نوجوان پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز ڈبلیو بی او سپر ویلٹرویٹ کیٹگری میں یورپی چیمپیئن بن گئے۔ باکسر حمزہ شیراز حریف برطانیہ ہی کے رائین کیلی کو چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرنے کے بعد ٹاپ 15 میں آ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ 20 سالہ حمزہ کے پروفیشنل کیرئیر کی یہ دسویں فائٹ تھی جب کہ نوجوان باکسر حمزہ شیراز اب تک اپنے تمام مقابلوں میں ناقابل شکست رہے ہیں۔ حمزہ نے یہ ٹائیٹل ارینا برمنگھم میں مقامی لڑکے رائیَن کیلی کے ساتھ مقابلہ جیت کر حاصل کیا، یہ فائٹ 10 رائونڈز پر مشتمل تھی مگر چھٹے رائونڈ میں ہی اس کا فیصلہ ہو گیا، شروع میں حمزہ نے بہت زور لگایا لیکن چھٹے رائونڈ میں ایک سیدھے دائیں وار نے رائین کیلی کو گرا دیا، لیکن وہ پھر کھڑا ہو کر مقابلہ کرتا رہا مگر اس کو چوٹ نے بے بس کر دیا تھا، جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے حمزہ نے بتایا کہ مجھے باکسنگ میں 12 سال ہو گئے ہیں، میں نے جب باکسنگ شروع کی تو اس وقت میری عمر 8 سال تھی، کیریئر میں اس کا کامیابی کا ریٹ 100 فیصد ہے جن میں 10 فتوحات ملیں ان میں سے 6 میں ناک آئوٹ کیا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بات صحیح ہے باکسنگ آسان کھیل نہیں ہے، مگر میرے لیے بطور برٹش پاکستانی کھلاڑی بہترین کھیل تھا، اور مجھے امید ہے کہ میں دوسروں کیلیے ایک ماڈل بن کر دکھائوں گا، انشااللہ میں رینکس کی سیڑھیاں چڑھتا جائوں گا اور اپنا اصل مقام حاصل کر کے رہوں گا اور لوگ مجھ پر رشک کریں گے، اس وقت دنیا میں اس کا رینک پندرھواں ہے، جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری اگلی چند فائٹس صرف اپنے ٹائیٹل کے دفاع کیلیے ہوں گی۔