• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

مہنگائی بڑھ گئی، کنٹرول ضروری، وجہ موسم، بھارت سے تجارتی بندش، بدانتظامی اور ذخیرہ اندوزی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اجلاس


اسلام آباد(ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نےحق وراثت کی منتقلی اورقانونی وارثین کے تعین کے لئے 6 دسمبر سے لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹس آرڈیننس 2019 کے نفاذ،اسلام آباد کے مجسٹریٹ ججز کی عدالتوں کو جووینائل کورٹس (بچوں کے کیسز سننے والی عدالتیں) نامزد کرنے، انفورسمنٹ آف وویمنز پراپرٹی رائٹس آرڈیننس 2019میں ترمیم، پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور سکیورٹی پیپرز لمیٹڈ کراچی کے تمام عہدوںپر پاکستان ایسینشل سروسز (مینٹی ننس) ایکٹ 1952 کے نفاذ میں مزید چھ ماہ کی توسیع، جموں اینڈ کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی کے بجٹ برائے مالی سال2019-20، اکادمی ادبیات کے سربراہ ، واپڈا واٹر اینڈ پاور کے ممبران اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نیشنل نشورنس کمپنی لمیٹڈ میں تعیناتیوں کی منظوری دے دی ہے۔

وزیرِ اعظم نے اقتصادی اعشاریوں اور خصوصاً عالمی اداروں کی جانب سے ملکی معیشت میں بہتری کے اعتراف پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کاوشوں کی بدولت ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے‘ اس عمل کو مزید مستحکم کرنا اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ معاشی استحکام کا حصول ایک اہم سنگ میل ہے‘معاشی ٹیم نے ملکی معیشت کا رخ موڑ دیا‘بہت مطمئن ہوں‘ قوم کو معاشی میدان میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ ایک تجویز زیر غور ہے جس کے تحت صارفین سے سردیوں میں استعمال کی جانے والی گیس کا اضافی بل گرمیوں کے مہینے میں کہ جب مجموعی طور گیس کا استعمال اور بل کم ہوتا ہے قسطوں میں وصول کیا جائے تاکہ صارفین پر اضافی بوجھ نہ پڑے‘ کم آمدنی والے افراد کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے احساس سہولت کارڈز کا اجراءکیا جائے گا‘سردیوں میں بجلی کے رعایتی نرخوں کا صنعتی شعبہ نے خیر مقدم کیا ہے۔

منگل کو وفاقی کا بینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 27 نومبر اور 28 نومبر کے اجلاس میں لیے ہوئے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 15 نومبر 2019 میں لیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ 

ان میں ایس ایم ای بنک لمیٹڈ کی نجکاری کا ٹرانزیکشن اسٹرکچر اور پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل کی ممکنہ نجکاری کے لئے قائم کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس کی منظوری شامل ہے۔ کابینہ نے ڈاکٹر محمد یوسف خشک کو چیئرمین پاکستان اکادمی ادبیات تعینات کرنے کی منظوری دی۔

کابینہ نے واپڈا میں ممبر (واٹر) کے عہدے کی ذمہ داری کرنٹ چارج کے طور پر ذوہیر خان درانی اور ممبر (پاور)کی ذمہ داری جاوید اختر کو سونپنے کی منظوری دی۔کابینہ نے خالد حامد کو چیف ایگزیکیٹو آفیسر نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ تعینات کرنے کی منظوری دی۔

تازہ ترین